سرگودھا، شاہ پور صدر (نامہ نگاران) سرگودھا اور خوشاب کے ججز نے سرگودھا اور شاہ پور جیلوں کے دورے کئے اور 29 قیدیوں کی رہائی کے احکامات دئیے۔ تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سرگودھا عتیق الرحمٰن بھنڈر نے سرگودھا جیل کا دورہ کیا اور معمولی نوعیت کے مقدمات میں ملوث 20 ملزمان کی رہائی کے احکامات دئیے۔ اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ جیل عبدالغفور، خان وحید اور ریاض احمد اور قمر عباس موجود تھے۔ ایڈیشنل سیشن جج عرفان احمد اور سینئر سول جج عامر شریف نے شاہ پور جیل کا دورہ کیا اور 6 قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا۔ ان کے ہمراہ سپرنٹنڈنٹ جیل سیف اللہ، افتخار احمد اور بابر نعیم موجود تھے۔ بعد ازاں ایڈیشنل سیشن جج خوشاب سعادت حسین نے سینئر سول جج مسعود اختر کے ہمراہ شاہ پور جیل کا دورہ کیا اور 3 قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا۔ تمام ججز نے جیلوں میں قیدیوں کے مسائل سنے، جیل میں کھانے، علاج، صفائی اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔