پشاور( کرائم رپورٹر) تھانہ فقیر آباد کی حدود چارسدہ بس اڈہ کے سامنے سیمنٹ کے بلاک میں رکھا گیا بم دھماکے سے پھٹ گیا جسکے نتیجے میں ٹریفک وارڈن سمیت 7افراد زخمی ہو گئے ٗکائونٹر ٹیرررازم ڈیپارٹمنٹ نے شواہد اکٹھے کر کے تفتیش شروع کردی ۔گزشتہ روز نامعلوم افراد نے چارسدہ بس اڈہ کے سامنے سیمنٹ کے بلاک میں ڈیڑھ کلو گرام وزنی بم نصب کیا تھا ٹریفک وارڈن اہلکار سجاد خان جب ڈیوٹی کے لئے آیا تو اس دوران ان کی ڈیوٹی پوائنٹ کے قریب رکھا گیا بم دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں سجاد خان ٗراہ گیر حضرت اللہ خان ٗہدایت خان ٗفیاض ٗالماس اور فیاض خان شدید زخمی ہو گئے جنہیں طبی امدادکے لئے ہسپتال پہنچایاگیا جہاں ٹریفک وارڈن سجاد خان کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل کردیا گیا ٗبم ڈسپوزل یونٹ کے مطابق ڈیڑھ کلو گرام وزنی دھماکہ خیز مواد سیمنٹ کے بلاک کے نیچے رکھا گیا تھاجس کاٹارگٹ ٹریفک وارڈن تھا دھماکے سے سیمنٹ کا بلا ک مکمل طور پر تباہ ہو گیا سی ٹی ڈی نے شواہد اکٹھے کرکے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ۔