مرتب: طلعت عمران
ہرسال کی طرح، حسبِ روایت اِمسال بھی ہم نے عیدالاضحیٰ کے موقعے پر، آپ کو اپنے پیاروں کے نام پیغامات بھیجنے کا سندیسہ دیا، تو جواباً آپ کی جانب سے بھی ہمیشہ کی طرح بہت محبّت بَھرے، تو کچھ کھٹ مِٹھے، تیکھے الفاظ میں گُندھے دِلی جذبات و احساسات پر مبنی پیغامات کی بڑی تعداد وصول پائی، چوں کہ تمام تر پیغامات کی ایک ساتھ اشاعت ممکن نہیں، لہٰذا آج ملاحظہ فرمائیے، اس سلسلے کی یہ پہلی اشاعت۔
(اہلِ وطن کے نام)
تمام اہلِ وطن کو ہماری طرف سے عیدِ قرباں بہت بہت مبارک ہو۔ اللہ تعالی ہم سب کو قربانی و ایثار کی توفیق نصیب فرمائے۔ (خلیل احمد، واسع اور عیان، نارتھ کراچی، کراچی کی طرف سے)
(چُلبلے، مَن موہنے، رانا محمد المیرکے نام)
ربِّ ذوالجلال ہمارے گھر کے آنگن کی خوشیاں اور عیدین کی رونقیں یونہی برقرار رکھے اور تمہیں اپنے حبیبِ پاکﷺ کے صدقے اپنی حفظ و امان میں رکھے۔ (ڈاکٹر اطہر رانا، فیصل آباد کی چاہت)
(پیارے والدین اور بہن بھائیوں کے لیے)
ہمارے پیارے والدین اور تمام بہن بھائیوں کو دل کی گہرائیوں سے عیدالاضحیٰ مبارک ہو۔ (فہیم، وسیم، عظیم، نسیم، شیر علی اور نورعلی، گھارو کا پیغام)
(جان سے پیاری زوجہ محترمہ کے لیے)
؎ مُجھے مل گیا بہانہ تیری دِید کا… کیسی خوشی لے کے آیا چاند عید کا۔ (م۔ا۔ق،کراچی کی جانب سے)
(پیاروں کے نام)
؎ بِن دیکھے اُسے یارب یہ عید نہ گزرے… کر پیدا کوئی سبب کہ یہ عید نہ گزرے… دُنیا کو دکھایا ہے اِک چاند جو تُونے… مجھ کو بھی دکھادے اب یہ عید نہ گزرے۔ (قراۃالعین جاوید، منال، وانیہ، لبرٹی چوک، حیدرآباد کا سندیسہ)
(جنگ، سن ڈے میگزین کی ٹیم کے نام)
میری جانب سے ایڈیٹر، جنگ سن ڈے میگزین اور اُن کی پوری ٹیم کو دل کی گہرائیوں سے عید کی خوشیاں مبارک ہوں۔ میری دُعا ہے کہ سن ڈے میگزین اِسی طرح ترقّی کی منزل طے کرتا رہے۔ (ایم۔ اسحاق اینڈ برادرز، کراچی کی جانب سے)
(پاکستانیوں کے نام)
عیدالاضحیٰ کے پُرمسرّت موقعے پر قربانی کرنے والے تمام لوگوں سے میری گزارش ہے کہ وہ اُن غریب غرباء کو بھی ضرور یاد رکھیں کہ جو پورا سال گوشت خرید کر نہیں کھا سکتے۔
یقیناً اللہ تعالیٰ آپ کو اس کا بہترین اجر دے گا۔ میری طرف سےسب کو بالخصوص، پاک فوج کو دل کی گہرائیوں سے بڑی عید بہت یہت مبارک ہو۔ (محمد سلام، معرفت عبدالرزاق مؤذن، مدینہ مسجد، بنگالی کالونی، حیدرآباد کی جانب سے)
(قریشی برادری کے لیے)
قریشی برادری اور ’’جمعیت القریش‘‘ کے تمام دوست احباب کو عیدالاضحیٰ کی خوشیاں بہت بہت مبارک ہوں۔ (جماعتِ اہل قریش، کراچی کی طرف سے)
(اہلِ فلسطین کے لیے)
عید الاضحیٰ کے اس مبارک موقعے پر ہماری دُعا ہے کہ اللہ تعالی ہمارے مظلوم فلسطینی بھائیوں کو اسرائیل کے مظالم سے نجات عطا فرمائے۔ (معاذ، فیضان، فہد، علی اور امداد، اورنگی ٹاؤن، کراچی کی نیک تمنّائیں)
(بھائی اور بھابھی کے لیے)
ہم سب بہنوں کے جانب سے ہمارے سب سے چھوٹے اور اکلوتے بھائی، ثاقب حسین قریشی اور بھابھی کو شادی کی پہلی عیدالاضحیٰ کی بہت بہت مبارک ہو۔ اللہ پاک آپ دونوں کی جوڑی سلامت رکھے۔ (دخترانِ ماسٹر جاوید اقبال قریشی، بی ایم سوسائٹی، حیدرآباد کی جانب سے)
(دوستوں کے نام)
میرے کالج کے دوستوں علی شیراز، بلال، عبدالہادی، عزیز حسن، ناصر اور دیگر کو دل کی گہرائیوں سے بڑی عید کی بڑی خوشیاں مبارک ہوں۔ (محمد ولید، کراچی کا پیغام)
(تمام مسلمانوں کے لیے)
میری جانب سے تمام مسلمانوں کو عید الاضحیٰ بہت بہت مبارک ہو۔ (شری مُرلی چند گھوکھلیہ، ضلع شکارپور، سندھ )
(ڈاکٹر سیّد سیف الرحمٰن کے نام )
اہلِ کراچی کو کڈنی ہِل پارک کی شکل میں خُوب صُورت آکسیجن ٹینک دینے والے خوش بُو، محبّت اور انسانیت سے لب ریز انسان، ڈاکٹر سیّد سیف الرحمٰن کو دل کی گہرائیوں سے عیدالاضحیٰ مبارک ہو۔ (ضیاء الحق قائم خانی، جھڈّوکی طرف سے)
(پیاروں کے نام)
میری طرف سے مائرہ شاہین، شاہدہ پروین اور عائشہ جبیں کو عیدِ قرباں بہت بہت مبارک ہو۔ (شمائلہ نیاز، دائرہ دین پناہ، تحصیل کوٹ ادّو، ضلع مظفر گڑھ کا پیغام)
(اہلِ وطن اور پاک فوج کے لیے)
میری جانب سے تمام اہلِ وطن، پاک فوج اور روزنامہ جنگ کے تمام اسٹاف کو نمکین عید کی ڈھیروں خوشیاں مبارک ہوں۔ (عیدالجبّار خان بن عبدالعزیز خان یوسف زئی، شادمان ٹاؤن نمبر 2، نارتھ ناظم آباد، کراچی سے)
(مسلمان خواتین کے نام)
میری طرف سے تمام مسلمان خواتین کو دل کی گہرائیوں سے عیدِقرباں مبارک ہو۔ اللہ تعالی ہم سب کو جذبۂ ایثار نصیب فرمائے اور تمام مسلمان خواتین کو بی بی آمنہ کا تذکرۂ خیر کرنے اور اُن کی سیرت اپنانے کی توفیق نصیب فرمائے۔ (ڈاکٹر محمّد حمزہ ڈاھا، لاہور کی طرف سے)
(روٹھے ہوئے دوستوں، رشتے داروں کے نام)
؎ عید کا دن ہے گلے آج تو مل لے ظالم…رسمِ دُنیا بھی ہے، موقع بھی ہے، دستور بھی ہے۔ (سیّد شاہ عالم زمّرد، نسیم جہاں، ماہین شیراز اور سعدیہ، راول پنڈی کی جانب سے)
(کزنز کے لیے)
ہماری طرف سے اپنے کزنز سیف اللہ، محمّد احسن، عبدالرحمٰن، مطیع الرحمٰن، محمّد رافع اور محمّد سعد کو عیدالاضحیٰ اور امتحانات میں نمایاں نمبرز کے ساتھ کام یابی بہت بہت مبارک ہو۔ (انس عبداللہ اورروحان حسن ، محلہ اسلامیہ اسکول، جہلم کی طرف سے)
( فیروز خان اور تمام دوستوں کے نام)
اللہ تعالی آپ کو دُنیا و آخرت کی تمام خوشیاں و کام رانیاں نصیب اور سُنّتِ ابراہیمیؑ پرعمل کی توفیق نصیب فرمائے۔ (سعید احمد خانزادہ، سکرنڈ، ضلع نواب شاہ کی دلی تمنّا)
(ت، ف کے نام)
؎ جب عید آئی تو ہونٹوں پر نام اُس کا تھا… جو ہم کو بھول گیا تھا، سلام اُس کا تھا… ہلالِ عید میں چاندی کی ٹوٹی چُوڑی تھی… اور آفتاب میں سونے کا کام اُس کا تھا… وہ ترشے ہونٹ، وہ ساغر سی آنکھیں اُس کی تھیں… جو میرے پاس تھا، وہ بھی تمام اُس کا تھا… تھا غیریت کے تصوّر کا شائبہ بھی کہاں… حروف میرے تھے، لیکن کلام اُس کا تھا… ستارے، چاند اُسے دیکھنے کو نکلے تھے… ہوا کی لہروں پہ لرزاں پیام اُس کا تھا… وہ آتا بھی تو چُھپاتا میں کیسے ساغرومے… کہ یاد اُس کی تھی، شیشہ و جام اُس کا تھا… وہ حُور تھی کہ پری یا کہ کوئی دیوی جمیل… مَیں کیا بتائوں جو دِل میں مقام اُس کا تھا۔ (جمیل ادیب سیّد کا منظوم پیغام)
(عالم اسلام کے لیے)
عیدالاضحیٰ کے موقعے پر میری دلی دُعا ہے کہ اللہ تعالیٰ عالمِ اسلام کو امن و آشتی کا گہوارہ بنادے۔ شب و روز ہمیشہ فروزاں رہیں۔ ہر شب شبِ بارات ہو، تو ہر روز، روزِ عید۔ (پرنس افضل شاہین، نادرشاہ بازار، بہاول نگر)
(بچّوں کے نام)
عید الاضحیٰ کے مبارک دن پر مَیں اپنے تمام بچّوں کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ میری دُعا ہے کہ اللہ تعالی اُنہیں دُنیا جہاں کی تمام خوشیاں، ڈھیروں کام یابیاں عطا فرمائے۔ (اسلم قریشی، ٹھنڈی سڑک، آٹوبھان روڈ، حیدرآباد)
(روزنامہ جنگ کے کارکنان اور قارئین کے لیے)
میری اور میرےاہلِ خانہ کی جانب سے روزنامہ جنگ کے تمام کارکنان اور قارئین کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سےعیدِ قرباں مبارک ہو۔ دُعا ہے کہ اللہ تعالی آپ کو ہر قسم کی آفات و بلیات سے محفوظ رکھے۔ (محمّد صفدر خان ساغر، راہوالی، گوجرانوالہ)
(اپنوں سے دُور رہنے والوں کے لیے)
میری طرف سے اپنے پیاروں سے دُور رہنے والے بہن، بھائیوں کو عیدالاضحیٰ بہت بہت مبارک ہو۔ (دلدار گُل زار، محلّہ راجا سلطان، راول پنڈی کی طرف سے)
(اہلِ خانہ کے نام)
ہماری طرف سے اہلِ خانہ کو عید قرباں کی ڈھیروں ڈھیر خوشیاں مبارک ہوں۔ اللہ تعالی آپ کو ایسی ہزاروں عیدیں دیکھنا نصیب فرمائے۔ (صفیہ فرید، عظمیٰ، شمع، اُشنا، امۃ، مطیبہ، آمنہ، فائزہ، عروش، مناہل اور اسوہ، لاہور کی جانب سے)
(اہلِ اسلام کے لیے)
میری طرف سے تمام اہلِ اسلام کو عید الاضحٰی کی ڈھیروں خوشیاں مبارک ہوں۔ (فرید اقبال انجم، غلّہ منڈی، پاک پتن سے)
(والد مرحوم کے نام)
عیدالاضحیٰ حضرت ابراہیم علیہ السلام کی بے مثال قربانی کی یادگار ہے کہ جب ایک باپ نے اللہ کے حُکم پر اپنے بیٹے کو قربان کرنے کا عزم کیا۔ یہ تہوار ہمیں یہ سکھاتا ہے کہ حقیقی محبت صرف جذبہ نہیں، بلکہ قربانی مانگتی ہے اور ایک باپ اپنے اولاد کے بہتر مستقبل کی خاطر اپنی خواہشات، آرام اور کبھی کبھی اپنی سب خوشیاں بھی قربان کر دیتا ہے۔
عیدالاضحیٰ کےاس بابرکت موقعے پر مَیں اپنے مرحوم والد کے لیے دُعاگو ہوں کہ یااللہ! اُن کی مغفرت فرما، اُن کی قبر کو منوّر کر اور اُنہیں جنّت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرما۔ (محمداقبال شاکر، میاں والی کی طرف سے)
(مریم یلدرم کے لیے)
مریم! مَیں ہر چیزسے لڑسکتی ہوں ، مگر تقدیر سے نہیں۔ کبھی یہ مت سمجھنا کہ تم اکیلی، تنہا ہو۔ مَیں ہمیشہ تمہارے ساتھ ہوں۔ میری دُعا ہے کہ عیدالاضحیٰ تمہارے لیے ڈھیروں خوشیاں لے کرآئے۔ (فاطمہ یلدرم کے جذبات و احساسات)
(پیارے بابا کی خدمت میں)
میرے پیارے بابا جان! عیدِ قرباں کے خاص موقعے پر مَیں آپ سے صرف کہنا چاہتی ہوں کہ اگر آپ میرے ساتھ ہیں، تو میرے لیے ہر دن عید کا دن ہے بلکہ میرا تو عید کا چاند ہی میرے بابا جان ہیں۔ میری طرف سے آپ کو دلی عید مبارک۔ (نوال عثمان کا اپنے والد سے خُوب صُورت اظہارِ محبت)
(وائس آف القدس کے نام)
میری جانب سے وائس آف القدس اوران کی پوری ٹیم کو عید الاضحیٰ بہت بہت مبارک ہو۔ (محافظ القدس، حیدرآباد کی طرف سے)
(استادِ محترم کے لیے)
ہمارے استادِ محترم، محمّد شاہ زیب صدیقی کو میری جانب سے دل کی اتھاہ گہرائیوں سے عید الاضحیٰ مبارک ہو۔ (زویا قریشی، حیدرآباد کا پیغام)
(اہلیہ اور بچّوں کے لیے)
میری جانب سے اپنی شریکِ حیات اور بچّوں، محمّد عافیان احمد عمرانی، حافظ محمّد عالیان احمد عمرانی، عفیفہ عمرانی، عافیہ عمرانی اور رضوانہ عمرانی کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے عیدالاضحٰی مبارک ہو۔ یااللہ! میرے بچّوں کو خوشیوں سے بَھری ہزاروں عیدیں نصیب فرما۔ (حافظ محمد عرفان احمد عمرانی، ملتان کی جانب سے)
(فلسطینی مسلمانوں کے نام)
اس عیدِ قرباں کے موقعے پر ہمیں اپنے فلسطینی مسلمان بھائیوں کو ہرگز فراموش نہیں کرنا چاہیے، جو اپنی سرزمین اور بیت المقدس کی حفاظت کی خاطر روزانہ اپنی جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں۔ ظالم اسرائیلی فوج فلسطینی مسلمانوں کو انتہائی بےرحمی و بے دردی سے شہید کر رہی ہے، لیکن اس کے باوجود ان کے پایۂ استقامت میں لغزش تک نہیں آئی۔
میرا دل چاہتا ہے کہ اس عیدِ قرباں پر فلسطینیوں کے جذبۂ ایمانی پر قربان ہوجاؤں۔ مَیں یہ عید فلسطینی مسلمانوں کےنام کرتی ہوں۔ میری دُعا ہےکہ اللہ تعالی اُنہیں اپنے نیک مقصد میں کام یابی نصیب فرمائے، آمین۔ ( بنتِ فلسطین، حیدرآباد کا بہادر فلسطینی مسلمانوں کو خراجِ تحسین)
(پاک فوج کے جوانوں کے نام)
اپنی خوشیاں ہم پرنچھاور کرنے والے اور اپنے اہلِ خانہ سے دُور پاک سرزمین کی سرحدوں پر مامور پاک فوج، رینجرز، فرنٹیئر کور اور دیگر سیکیوریٹی ایجینسیز کے جوانوں کو عید ِقرباں بہت بہت مبارک ہو۔ (علی، حسنین، سمیرہ، بریرہ، عفان، کراچی کا خُلوص و احترام)