امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایلون مسک کے قریبی ساتھی جیرڈ آئزک مین کی ناسا کے سربراہ کے طور پر نامزدگی واپس لے لی ہے۔
صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اعلان کیا کہ ماضی کے تعلقات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد میں جیرڈ آئزک مین کی ناسا کے سربراہ کے طور پر نامزدگی واپس لے رہا ہوں، میں جلد ایک نیا امیدوار نامزد کروں گا جو مشن سے ہم آہنگ ہو اور خلا میں امریکا فرسٹ کے اصول پر کاربند ہو۔
آئزک مین ایک کامیاب کاروباری شخصیت، خلانورد، اور اسپیس ایکس SpaceX کے کئی مشنز کا حصہ رہ چکے ہیں، ان کی نامزدگی دسمبر 2024ء میں ہوئی تھی، لیکن مختلف سیاسی اور ذاتی وجوہات کی بنا پر ان کی سینیٹ میں توثیق بار بار مؤخر ہوتی رہی۔
یہ فیصلہ اُس وقت آیا جب چند دن قبل ایلون مسک کا وائٹ ہاؤس میں بطور اسپیشل گورنمنٹ ایمپلائی کردار ختم کیا گیا۔
آئزک مین نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا کہ یہ بات واضح ہے کہ کئی باصلاحیت اور محب وطن لوگ موجود ہیں جو ناسا کے مشن سے دل و جان سے جڑے ہوئے ہیں، میں صدر ٹرمپ، سینیٹ اور تمام حمایتیوں کا شکر گزار ہوں۔
ایلون مسک نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے لکھا کہ اتنا باصلاحیت اور نرم دل انسان شاذ و نادر ہی ملتا ہے، جیرڈ آئزک مین ناسا کے لیے ایک غیر معمولی انتخاب ہوتے۔