• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ کے آسمان پر نظر آنے والے رنگین روشنیوں کے ہالے کی وجہ سامنے آ گئی

آج صبح کوئٹہ کے آسمان پر نمودار ہونے والے رنگ برنگے ہالے نما بادل کا ایک خوبصورت منظر—تصویر بشکریہ سوشل میڈیا
آج صبح کوئٹہ کے آسمان پر نمودار ہونے والے رنگ برنگے ہالے نما بادل کا ایک خوبصورت منظر—تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

بلوچستان کے دارالخلافہ کوئٹہ سمیت صوبے کے مختلف علاقوں میں آج صبح آسمان پر خوبصورت رنگین روشنیوں کا ہالہ نظر آیا جسے شہریوں نے ناصرف اپنے کیمروں میں محفوظ کیا بلکہ سوشل میڈیا پر اسے شیئر بھی کیا ہے۔

اس حوالے سے محکمۂ موسمیات کا مؤقف بھی سامنے آ گیا ہے جس میں ان روشنیوں کے نظر آنے کی وجوہات پر روشنی ڈالی گئی ہے۔

بلوچستان کے مختلف اضلاع کوئٹہ، نوشکی، دالبندین اور دیگر علاقوں آج صبح 6 بج کر 20 منٹ پر آسمان پرمختلف رنگوں سے مزین ہالہ نمودار ہوا جو کچھ دیر بعد ہی فضا میں گم ہو گیا، جس کے ساتھ ہی ہالے کی مختلف تصاویر و ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔

اس حوالے سے ترجمان محکمۂ موسمیات انجم نذیر نے بتایا ہے کہ آج صبح 6 بج کر 20 منٹ پر وادیٔ کوئٹہ کے مشرق میں واقع پہاڑی سلسلے کوہ مردار کے اوپر لینٹیکیولر بادل کی تشکیل نظر آئی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ یہ رنگا رنگ بادل سورج نکلنے سے قبل نمودار ہوا اور صبح پونے 7 بجے غائب ہو گیا، اس کی تصاویر و ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔

انہوں نے بتایا کہ یہ رنگا رنگ بادل لینٹیکیولر ہیں جو ساکن اور عدسے کی شکل کے ہوتے ہیں اور پہاڑوں کی فضا میں ہوا کے مخالف سمت اس وقت بنتے ہیں، جب مستحکم اور نم ہوا ان کے اوپر سے گزرتی ہے۔

ترجمان محکمۂ موسمیات انجم نذیر نے بتایا کہ یہ ہوا کا بہاؤ فضائی لہریں پیدا کرتا ہے اور یہ بادل اُن چوٹیوں پر نمودار ہوتے ہیں جہاں ہوا میں موجود شبنم ٹھنڈی ہو جاتی ہے اور یہ نچلی سطح پر بخارات بن کر غائب ہو جاتے ہیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ یہ ٹھہرے ہوئے لہردار بادل بعض اوقات اپنی ہموار شکل کی وجہ سے اُڑن طشتری یا یو ایف او بھی سمجھ لیے جاتے ہیں۔

سائنس و ٹیکنالوجی سے مزید