• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زلزلہ، انگین آلتان اور اسرا بیلگیچ سمیت کئی ترک فنکاروں کی اپیل

فائل فوٹو
فائل فوٹو 

ترک اداکاروں نے ترکیہ اور شام میں پیر کی صبح آنے والے شدید زلزلے سے ہونے والی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ لوگوں کی مدد کے لیے اپیل کی ہے۔

اسلامی فتوحات پر مبنی شہرہ آفاق تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘میں مرکزی کردار ادا کرنے والے تُرک اداکار انگین آلتان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے ملک ترکیہ اور شام میں آنے والے زلزلے سے ہونے والی تباہ کاریوں پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

اُنہوں نے زلزلے میں ہونے والے قیمتی جانی نقصان پر تعزیت کا اظہار اور زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔

اُنہوں نے اپنی پوسٹ کے آخر میں ترکی کے جلد اس مشکل وقت سے نکلنے کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

تُرک اداکارہ اسرا بیلگیچ نے اپنے انسٹا گرام اکاؤنٹ پر زلزلے سے متاثرہ لوگوں کی مدد کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے ان متعلقہ اداروں کے نمبرز اور تفصیلات شیئر کی ہیں جوکہ ترکیہ میں متاثرین کی مدد کرنے کے لیے کام کررہے ہیں۔

ترک سیریز ’ارطغرل غازی‘ میں ترگت الپ کا اہم کردار ادا کرنے والے اداکار جینگیز جوشقون نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر زلزلے میں ہونے والے قیمتی جانی نقصان پر تعزیت کا اظہار اور زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔

تُرک اداکارہ گلسم علی عرف اصلحان خاتون نے بھی اپنی انسٹا اسٹوری پر ترکیہ اور شام میں زلزلے  سے متاثرہ لوگوں کے لیے دعا کی۔

تُرک اداکار جلال آل عرف عبدالرحمٰن غازی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ترکیہ اور شام میں آنے والے زلزلے سے ہونے والی تباہ کاریوں کے دلخراش مناظر کی چند تصاویر شیئر کی ہیں۔

اُنہوں نے یہ تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ’یہاں بہت سردی ہے اور برف باری ہو رہی ہے‘۔ 

اُنہوں  نے لکھا کہ’اللّٰہ تعالیٰ ہلا ک ہونے والوں کی بخشش فرمائے اور زخمیوں کو شفا دے‘۔ 

اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’اللّٰہ نہ کرے کہ کبھی کہیں اور زلزلہ آئے‘۔

اداکار بوراک اوزچیوت عرف عثمان بے نے بھی اپنی انسٹا اسٹوری پر زلزلے کے متاثرین کے لیے دعا کی۔

ترک اداکارہ اوزگے گوریل نے اپنی انسٹا اسٹوری پر زلزلے سے ہونے والی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ’ہم ایک بھیانک خواب سے خوفزدہ ہوکر جاگے ہیں‘۔

اُنہوں نے لکھا کہ’مجھے امید ہے کہ ہمیں مزید قیمتی جانوں کا نقصان نہیں اُٹھانا پڑے گا‘۔

اُنہوں نے مزید لکھا کہ’اللّٰہ تعالیٰ ہمیں صبر دے اور ہماری اس مشکل گھڑی سے نکلنے میں مدد کرے تاکہ ترکیہ جلد صحتیاب ہوجائے‘۔

اوزگے گوریل نے متاثرین کی مدد کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے ان متعلقہ اداروں کے بارے میں تفصیلات بھی اپنے اکاؤنٹ پر شیئر کی ہیں جوکہ اس وقت ترکیہ میں امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔

اس کے علاوہ اداکارہ اوزگے تورے عرف بالا خاتون اور کئی دیگر ترک اداکاروں نے بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر زلزلے سے ہونے والی تباہ کاریوں پر  افسوس کا اظہار کیا ہے اور متاثرین کی مدد کے لیے مداحوں سے اپیل بھی کی ہے۔


واضح رہے کہ ترکیہ اور شام میں آئے 7 اعشاریہ 8 شدت کے زلزلے نے تباہی مچا دی ہے، دونوں ممالک میں کم و بیش 5 ہزار 600 سے زائد عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار 300 سے تجاوز کر گئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق ترکیہ میں اب تک 2 ہزار 921 سے زائد ہلاکتیں اور 14 ہزار 483 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں جبکہ شام میں ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار 420 تک پہنچ گئی ہیں اور 21 سو سے زائد افراد زخمی ہیں۔

ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت 7.8 ریکارڈ کی گئی جس کا مرکز 23 کلومیٹر جنوب میں تھا اور اس کی گہرائی 17.9 کلومیٹر تھی۔ دونوں ممالک میں زلزلہ سو سال کا بدترین سانحہ ہے اور یہ 1939ء کے بعد ترکیہ میں سب سے بڑی آفت ہے۔

ترک حکّام نے ملک میں اس قدرتی آفت کے بعد حالات سے نمٹنے کے لیے عالمی برادری سے مدد کی اپیل بھی کردی ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید