بین الاقوامی شہرت یافتہ ترک ڈرامہ سیریز ’ارطغرل غازی‘ کے مرکزی کردار انگین آلتان نے پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔
ترک اداکار نے اپنے تصدیق شدہ انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جاری اسٹوریز میں پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے ایک اسٹوری میں پھولوں کے گلدستے کی تصویر شیئر کرتے ہوئے پرجوش استقبال پر پاکستانیوں کا شکریہ ادا کیا۔
دوسری اسٹوری میں انگین التان نے علامہ اقبال کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اُن کے مزار کی تصویر شیئر کی۔
خیال رہے کہ دو روزہ پاکستانی دورے پر آئے ترک اداکار انگین آلتان نے بادشاہی مسجد لاہور کا دورہ کیا اور شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کے مزار پر حاضری بھی دی۔
اس موقع پر تاریخی مسجد کے خطیب مولانا عبد الخبیر آزاد بھی موجود تھے۔
ترک اداکار نے لاہور میں پریس کانفرنس کی تھی اور بتایا تھا کہ وہ چوہدری ٹیکسٹائل کے برانڈ ایمبیسڈر بنے ہیں۔
انہوں نے ارطغرل غازی کو پسند کرنے پر وزیراعظم عمران خان اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا تھا۔
انگین التان دوزیتان نے اردو زبان میں بھی کچھ الفاظ ادا کیے تھے، انہوں نے کہا تھا کہ مجھے ’شکریہ‘ کہنا آتا ہے، اور انہوں نے ’لاہور لاہور اے‘ بھی کہا تھا۔