• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی طیارہ حادثہ: امدادی سرگرمیوں کیلئے فوج طلب کرلی گئی

بھارتی شہر احمدآباد میں مسافر طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، حادثے کے مقام پر امدادی سرگرمیوں کےلیے فوج طلب کرلی گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حادثے کے مقام پر 130بھارتی فوجی امدادی سرگرمیوں کے لیے پہنچ گئے۔

یاد رہے کہ احمد آباد میں مسافر طیارہ گر کرتباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 242 افراد ہلاک ہوگئے۔ بھارتی میڈیا نے ہلاکتوں کی تصدیق کردی ہے۔

اس سے قبل پولیس چیف کا کہنا تھا کہ طیارہ حادثے میں کسی کے بچنے کا امکان نظر نہیں آرہا، طیارہ جہاں گرا ہے وہاں بھی ہلاکتیں ہوئی ہیں۔

بھارتی پولیس کے مطابق طیارہ ڈاکٹروں کے ہوسٹل کی عمارت پر گرا ہے، طیارے نے لندن کے لیے اُڑان بھری تھی کہ گر کر تباہ ہوگیا۔

بھارتی سرکاری ایئرلائن کا طیارہ لندن جا رہا تھا، مسافر طیارے میں 230 مسافر اور عملے کے 12 ارکان سوار تھے۔

خبر ایجنسی کے مطابق حادثے کا شکار طیارے میں 169 بھارتی، 53 برطانوی، ایک کینیڈین اور 7 پرتگالی مسافر سوار تھے، حادثے کا شکار طیارے میں 11 بچے بھی موجود تھے۔

دوسری جانب بھارتی ڈی جی سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ طیارہ گرنے سے قبل 1 بج کر 39 منٹ پر کیپٹن نے مےڈے کی کال دی تھی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی ایئر انڈیا کی پرواز میں گجرات کے سابق وزیرِ اعلیٰ روپانی بھی سوار تھے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ حادثے کے شکار طیارے بوئنگ 787-8 ڈریم لائنر نے ایک بج کر 38 منٹ پر اُڑان بھری تھی، پرواز سے اڑان بھرنے کے بعد ایک منٹ سے بھی کم وقت میں 625 فٹ کی بلندی پر رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق طیارہ حادثے کے بعد احمدآباد ایئرپورٹ فی الحال آپریشنل نہیں، ایئرپورٹ پر تمام پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید