صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیرِ اعظم شہباز شریف، سابق وزیرِ اعظم اور صدر مسلم لیگ ن میاں نواز شریف اور وزیرِ خارجہ و نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار نے بھارت میں طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہارکیا ہے۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے احمد آباد میں طیارہ حادثے میں جانی نقصان پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری دلی ہمدردیاں اپنے پیاروں کو کھونے والے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ بھارت میں پیش آنے والا طیارہ حادثہ دلخراش سانحہ ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریفنے طیارہ حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ تعزیت بھی کیا ہے۔
سابق وزیرِ اعظم اور صدر مسلم لیگ ن میاں نواز شریف نے بھی بھارت میں طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
جاری کیے گئے بیان میں نواز شریف نے طیارہ حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ المناک سانحہ سرحدوں سے بالاتر ہو کر ہماری مشترکہ انسانیت کا احساس دلاتا ہے۔
سابق وزیرِ اعظم نواز شریف نے طیارہ حادثے پر بھارتی وزیرِ اعظم نریندر مودی اور بھارتی عوام سے تعزیت کا اظہار بھی کیا ہے۔
نائب وزیرِ اعظم و زیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے بھی بھارتی طیارہ حادثے پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ المناک واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کرتے ہیں، دکھ کی اس گھڑی میں ہماری ہمدردیاں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
واضح رہے کہ بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں مسافر طیارہ گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے طیارے میں سوار تمام 242 افراد ہلاک ہو گئے۔
طیارے نے لندن کےلیے اُڑان بھری تھی کہ حادثے کا شکار ہو گیا، طیارہ ڈاکٹروں کے ہاسٹل کی عمارت پر گرا ہے، مسافر طیارے میں 230 مسافر اور عملے کے 12 ارکان سوار تھے۔
خبر ایجنسی کے مطابق حادثے کا شکار طیارے میں 169 بھارتی، 53 برطانوی، ایک کینیڈین اور 7 پرتگالی مسافر سوار تھے، جن میں 11 بچے بھی شامل تھے۔