• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی ریاست گجرات میں احمد آباد ایئرپورٹ کے قریب برطانیہ کے شہر لندن کیلئے اڑان بھرنے والا ایئرانڈیا کا مسافر بردار طیارہ ٹیک آف کے دوران میڈیکل کالج ہاسٹل پر گر کر تباہ ہوگیا۔ جمعرات کی دوپہر رونما ہونیوالے اس حادثے میں مسافروں سمیت 265سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے۔ طیارہ میں سوار 242مسافروں میں سے صرف ایک مسافر زندہ بچ سکا جو ایمرجنسی گیٹ کے پاس بیٹھا ہوا تھا جبکہ ہاسٹل میں5طلبا کی ہلاکت کی بھی بھارتی میڈیا کی جانب سے تصدیق کی جاچکی ہے۔ طیارے میں دو پائلٹوں اور عملے کے 10افراد سمیت 242افرادسوار تھے جن میںدو نوزائیدہ سمیت 11بچے بھی شامل تھے۔ ایئرانڈیا کے مطابق سابق وزیراعلیٰ گجرات وجے روپانی بھی بدقسمت طیارے میں سوار تھے۔ہلاک شدگان میں 169بھارتی شہری، 53برطانوی، 7پرتگالی، ایک کینیڈین شہری شامل ہے۔ حادثے میں میڈیکل ہاسٹل میں موجود متعدد افرادکے زخمی ہونے کے باعث مرنے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔ اس حادثے کی اطلاع کے فوراً پاکستان سمیت عالمی برادری کی طرف سے افسوس اور لواحقین سے اظہار ہمدردی پر مبنی ردعمل سامنے آیا ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف، مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف، چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری سمیت پاکستانی رہنمائوں کی بڑی تعداد نے طیارہ حادثہ اور ہلاکتوں پر افسوس اور متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسے تاریخ کا بدترین فضائی حادثہ قرار دیا جبکہ برطانیہ کے شاہ چارلس ، روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سمیت دیگر عالمی رہنمائوں کے بھی افسوس اور تعزیت پر مبنی بیانات سامنے آئے ہیں۔ اچھا ہو کہ اس واقعہ کو کسی نئی کشیدگی کا ذریعہ بنانے سے اجتناب کرتے ہوئے بھرپور تکنیکی و غیر جانبدارانہ تفتیش کی جائے اور ان اسباب پر توجہ دی جائے جو بھارتی میڈیا کے بموجب ایئر انڈیا کے حالات میں بگاڑ کا سبب بنے۔

تازہ ترین