برطانیہ کے وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے ملک بھر میں گرومنگ گینگز (بچوں کے جنسی استحصال کرنے والے گروہوں) کے خلاف قانونی دائرہ اختیار کے تحت قومی انکوائری شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ فیصلہ لوئز کیسی کی جانب سے دی گئی رپورٹ کے بعد کیا گیا، جنہوں نے نابالغ لڑکیوں کے استحصال پر مہینوں پر محیط تحقیق مکمل کی۔
کیئر اسٹارمر نے کہا کہ میں نے ان کی رپورٹ کا ہر ایک لفظ پڑھا ہے اور ان کی سفارش کو قبول کر رہا ہوں۔ یہ درست اقدام ہے، اور اب ہم ان کی تجاویز پر عملدرآمد کریں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انکوائری Inquiries Act کے تحت کی جائے گی، جس کے لیے طریقہ کار جلد واضح کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل اسٹارمر نے ایک نئی قومی انکوائری کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ متاثرہ افراد کے لیے انصاف میں تاخیر کا سبب بنے گا، اور حکومت کو پہلے سے موجود رپورٹس پر عملدرآمد پر توجہ دینی چاہیے۔