• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسٹاک ایکسچینج سٹہ ہے، اس سوچ سے نکلنا ہوگا: میئر کراچی

— اسکرین گریب
— اسکرین گریب

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی پاکستان میں سرمایہ کاری کا گیٹ وے ہے۔ اسٹاک ایکسچینج سٹہ ہے، اس سوچ سے نکلنا ہوگا۔ 

میئر کراچی نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کا دورہ کیا، اس دوران میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج 1990ء سے آرہا ہوں، جبکہ پی ایس ایکس میں 2007ء سے سرمایہ کاری کر رہا ہوں۔ میری والدہ فوزیہ وہاب کا مارکیٹ کی ڈی میوچولائزیشن میں کردار رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں میئر آفس اور کراچی اسٹاک ایکسچینج کا رابطہ مضبوط نہیں تھا۔ میڈیا کا کردار سرمایہ کاروں کی تعداد بڑھانے میں اہم ہوگا۔ 

انہوں نے کہا کہ بطور میئر آئی آئی چندریگر روڈ کو ٹرانسفارم کروں گا۔ میں نے منصوبہ وفاقی حکومت کو بھیجا ہے، اپنے بجٹ میں اس کام کےلیے پیسے رکھے ہیں۔ ریلوے گراؤنڈ میں پارکنگ شروع کروادی، وہاں عمارت بنانے کی اجازت نہیں ملی۔

مرتضیٰ وہاب نے یہ بھی بتایا کہ کے ایم سی کے آمدنی کے مسائل رہے ہیں۔ کے ای کے ذریعے 21 کروڑ ماہانہ جمع کرنا شروع کر دیے ہیں۔ میونسپل بانڈ جاری کرنا چاہتا ہوں۔

اس موقع پر ایم ڈی پی ایس ایکس فرخ سبزواری نے کہا کہ میئر کراچی کا پہلی بار پاکستان اسٹاک ایکسچینج آنا تاریخی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ریلوے نے این او سی دی تو میئر کراچی نے پارکنگ بنا دی۔ اس پر شکریہ ادا کرتا ہوں، یہی عزم روشنیوں کے شہر کے ماضی کے وقار بحال کرے گا۔ میئر آئی آئی چندریگر روڈ کی تزئین پر کام کریں، اسٹیٹ بینک بھی یہاں ہے اور اسٹاک ایکسچینج بھی، اس روڈ پر کام ہونا چاہیے۔

قومی خبریں سے مزید