• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹی اوآرز،سپیکر کا اعتزاز ،شیریں مزاری سے رابطہ ، معاملہ حل کرنے پر اتفاق

لاہور (نمائندہ خصوصی، آن لائن ) قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں ٹی او آر پر مل بیٹھ کر مسئلہ کا حل تلاش کرنے پر متفق ہیں۔ ملک ترقی کی طرف چل رہا ہے اور بہتری آرہی ہے۔ ملک میں جمہوریت کے خلاف کوئی سازش نظر نہیں آرہی۔ احتجاج کرنا ہر ایک کا حق ہے مگر احتجاج کے ذریعے حکومت گرانے کی نیت ہے تو پھر وہ زمانے چلے گئے۔ تحریک انصاف جمہوریت پسند جماعت ہے اور سسٹم پر یقین رکھتی ہے، وہ جس لائن پر چل رہے ہیں ان کو چلنے دیں۔ فارورڈ بلاک کے نام کی کوئی چیز نہیں۔ 7 اگست کو دھرنوں جیسا حال ہوگا۔ ہفتہ کو یہاں میڈیا سے گفتگو میں سپیکر نے کہا کہ ٹی او آر کے معاملے پر میری  اعتزاز احسن سے بات ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ٹی او آر پر میٹنگ کرلیتے ہیں۔ شاہ محمود قریشی سے بات کرنے کی کوشش کی تو وہ ملک سے باہر ہیں جبکہ ڈاکٹر شیریں مزاری سے بات ہوئی تو انہوں نے بھی کہا کہ ہم متبادل کے طور پر  کسی دوسرے ممبر کا نام دے دیں گے اور اگر شاہ محمود قریشی آگئے تو وہ بھی میٹنگ میں بیٹھیں گے۔ ایاز صادق نے کہا کہ جماعت اسلامی سمیت دیگر جماعتیں بھی مل بیٹھ کر ٹی او آر کے حل پر متفق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس دن تمام ممبران دستیاب ہوئے تو ہم تاریخ کا تعین کرلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے اپنے ٹی او ار بنائے ہیں اور ہم نے مل بیٹھ کر فیصلہ کرنا ہے اور ان کی طرف سے ان کا ویوپوائنٹ آجائے گا تو مسئلہ حل ہوجائے گا۔ یہی میری کوشش ہے اس معاملے میں جو بات باہمی رضامندی سے ہوسکتی ہے وہ سڑکوں پر نہیں ہوسکتی۔  ذرائع کے مطابق سپیکر نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ سے بھی رابطہ کیا ہے۔سپیکر سے گفتگو میں اعتزاز احسن نے کہا کہ  متفقہ ٹی او آرز کی تیاری میں حکومت رکاوٹ ہے، انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے معاملہ پارلیمان میں حل کرنے کی بھرپور کوشش کی،حکومت کے مایوس کن رویئے پر اجلاس میں نہ جانے کا فیصلہ کیا تھا۔ذرائع کے مطابق دوبارہ ٹی او آرز پارلیمانی کمیٹی میں جانے کا فیصلہ اپوزیشن کی باہمی مشاورت سے ہو گا، تمام اپوزیشن جماعتوں کا مشترکہ اجلاس آئندہ ہفتے بلوائے جانے کا امکان ہے، کوئی بھی اپوزیشن  پارٹی ذاتی حیثیت میں ٹی او آرز اجلاس میں شرکت کی حامی نہیں بھر سکتی۔ٹی او آرز کمیٹی میں جانا ہے یا کوئی اور لائحہ عمل اپنانا ہے فیصلہ اپوزیشن کے مشترکہ اجلاس میں ہی ہو گا۔ذرائع نے کہا کہ اپوزیشن ٹی او آرز کمیٹی میں جاکر بھی وزیر اعظم اور اہل خانہ کے احتساب کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹے گی۔
تازہ ترین