• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کیخلاف ہتک عزت دعوے پر سماعت، وزیراعظم شہباز شریف ویڈیو لنک پر جرح کیلئے پیش

کولاج فوٹو: فائل
کولاج فوٹو: فائل

سیشن کورٹ لاہور میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف شہباز شریف کے ہتک عزت کے دعوے پر سماعت کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف ویڈیو لنک پر جرح کےلیے پیش ہوئے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ویڈیو لنک پر جرح سے قبل حلف لیا جس کے بعد بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے شہباز شریف سے سوالات کیے۔

بانی پی ٹی آئی  کے وکیل نے کہا کہ بیان حلفی میں ذکر نہیں کہ آپ کو اوتھ کمشنر کے سامنے کس نے شناخت کیا۔

شہباز شریف  نے کہا کہ جج صاحب آپ کا اور بانی پی ٹی آئی کے وکیل کا وقت بہت قیمتی ہے، ایک حقیر درجے میں میرا وقت بھی بہت قیمتی ہے، یہ چیزیں پہلے زیر بحث آچکی ہیں، اس سے مزید وقت ضائع ہوگا۔

شہباز شریف نے کہا کہ اوتھ کمشنر مجھے بحیثیت وزیراعلیٰ پنجاب جانتے تھے، جج صاحب آپ کے سامنے بہت سی پیشیاں ہوچکیں، ابھی تک مہروں اور دستخطوں کے سوا کوئی بات آگے نہیں بڑھی۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ بانی پی ٹی آئی کے وکیل چاہتے ہیں اسی بہانے آپ سے بار بار ملاقات ہو جاتی ہے۔

بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ آپ نے دعوے میں لکھا 8 مئی2017 کو لیگل نوٹس بانی پی ٹی آئی کو ارسال کیا گیا، کیا وہ آپ کی رضامندی سے جاری کیا گیا؟ جس پر شہباز شریف نے جواب دیا کہ جی یہ درست ہے، لیگل نوٹس میری ہدایت پر جاری کیا گیا۔

بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ آپ کے دعوے میں لیگل نوٹس موجود ہی نہیں۔

شہباز شریف کے وکیل بولے کہ عدالت ہمیں اجازت دے کہ ہم لیگل نوٹس پیش کرسکیں جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ اس حوالے سے درخواست دائر کریں۔

بعدازاں عدالت نے مزید سماعت 23 جون تک ملتوی کردی۔

قومی خبریں سے مزید