قومی کھیل ہاکی میں پاکستان کا1994تک دنیا میں ڈنکا بجتا رہا،جب اس نے آخری مرتبہ عالمی کپ جیتااور اس کے بعد روبہ زوال ہونے کے بعد حالیہ برسوں میںقومی ہاکی اس کیفیت کو پہنچ گئی کہ شائقین شاید اس کھیل ہی کو بھول گئے۔تاہم 20جون2025کا دن ایک ایسی خوشخبری دےگیا کہ یہ کھیل پھر سے قومی گہما گہمی کا مرکز بن گیاہے۔ملائشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں کھیلے جانے والے نیشنز کپ کے سیمی فائنل میں پاکستان،فرانس کو تین کے مقابلے میں چار گول سے ہراکر فائنل میں پہنچ گیا۔میچ ختم ہونے سے پہلے دونوں ٹیمیں تین تین گول سے برابر تھیںلیکن کامیابی حاصل کرنے کیلئے انہیں پنالٹی شوٹ آئوٹ کا موقع دیا گیا۔جس میں پاکستان نے دو کے مقابلے میں تین گول کرکے برتری پالی۔اس حساس مرحلے میں گول کیپر منیب الرحمٰن کی کارکردگی انتہائی لائق تحسین ہے جو فرانس کے لیوک ،ٹینیوز اور مینجوڈ کا شوٹ آئوٹ (پینلٹی اسٹروک)روکنے میں کامیاب ہوئےاور پاکستان کی فتح یقینی بنائی۔اس سے قبل18جون کو کھیلے جانے والے میچ میں نیوزی لینڈ سے شکست کے باوجود بہتر گول اوسط کی بنیاد پر پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ گیا تھا۔دوسرے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے کوریا کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی ہے۔فرانس کے خلاف کھیلے جانے والے سیمی فائنل میں افراز،سفیان خان اور رانا وحید نے متذکرہ گول کرکے پاکستان کو برتری دلائی،جس کے بعدٹورنامنٹ کا فائنل پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان طے ہے۔نامساعد حالات کے باوجود قومی ٹیم کا عالمی افق پر پھر سے پاکستان کا نام روشن کرنا انتہائی خوشگوار حیرت کا باعث ہے۔ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹورنامنٹ میں ڈیلی الائونس سے محرومی کے باعث کھلاڑیوں کی جیبیں خالی ہونے کی اطلاع ہے،جو ذمہ دار حلقوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔