ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے ایران کو اس کی جوہری تنصیبات پر حملے کی اطلاع پہلے ہی دے دی تھی۔
ایرانی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک سینئر ایرانی سیاسی شخصیت نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ امریکا نے ایران پر حملے کی اطلاع پہلے ہی دے دی تھی۔
رپورٹ کے مطابق ایرانی شخصیت نے مزید کہا کہ امریکی کی اطلاع ملنے کے بعد ہی ایران جوہری تنصیبات سے افزودہ یورینیئم کے ذخائر نامعلوم مقام پر منتقل کرنے میں کامیاب رہا۔
سینئر ایرانی سیاسی شخصیت نے یہ بھی کہا کہ واشنگٹن نے ایران کو خفیہ طور پر پہلے ہی بتا دیا تھا کہ امریکا صرف 3 جوہری تنصیبات کو نشانہ بنائے گا اور اطلاع دینے کا مقصد یہ کہنا تھا کہ امریکا ایران کے ساتھ مکمل اور بھرپور جنگ نہیں چاہتا۔
ایرانی سیاسی شخصیت کے مطابق امریکی حملوں کی پیشگی اطلاع پر ایرانی حکام نے تیزی کے ساتھ تینوں جوہری تنصیبات سے افزودہ یورینیئم نامعلوم مقام منتقل کر دی۔
امریکی اور ایرانی حکام نے اس خبر پر تبصرے سے گریز کیا ہے جبکہ برطانوی وزیرِ خارجہ برائے بزنس اینڈ ٹریڈ جوناتھن رینالڈز کا کہنا ہے کہ لندن کو حملے کی پیشگی اطلاع مل گئی تھی۔