کراچی(اسٹاف رپورٹر) مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے سیکرٹری جنرل سردار عبد الرحیم نے کہا ہےکہ کراچی کو کئی دہائیوں سے عذاب میں مبتلا کردیا گیا ، شہر کا برا حال ہے،شہریوں کو الیکٹرک ، پانی چور مافیا ، اسٹریٹ کرمنلز اورمنشیات فروشوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، نوجوان بیروزگاری اور مہنگائی سے تنگ ہیں ۔بہت جلد کراچی کی نمائندہ جماعت پاکستان مسلم لیگ فنکشنل ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ سینٹرل کے تنظیمی دورے میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سردار عبدالرحیم کامزید کہنا تھا کہ پارٹی ورکرز پارٹیوں کی جان ہوتے ہیں ان کو عزت اور جائز مقام ملنا چاہئے۔ کراچی کے شہریوں کو دہرے عذاب میں مبتلا ہیں،عوام کے الیکٹرک ، پانی چور مافیا ، اسٹریٹ کرمنلز ، گٹکا اور منشیات فروشوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے، بدترین لوڈ شیڈنگ کے باوجود ہزاروں لاکھوں روپے کے بل صارفین کو بھیجے جارہے ہیں ،شہر کا بہت برا حال ہے اور کھنڈرات کا منظر پیش کررہا ہے۔