پاکستانی معروف اداکار، میزبان اور ہدایتکار یاسر حسین نے ساتھی فنکارہ ہانیہ عامر کی فلم سردار جی 3 کو تاریخی قرار دے دیا۔
شوخ چنچَل اداکارہ ہانیہ عامر نے اپنے فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر سردار جی 3 کی ریلیز سے متعلق اپ ڈیٹ شیئر کی تو یاسر حسین اس پر فخر کا اظہار کیا۔
یاسر حسین نے انسٹااسٹوری میں فلم سردار جی 3 سے ہانیہ اور دلجیت کی تصاویر شیئر کی اور لکھا کہ بھارتی فلموں میں بہت سارے پاکستانی فنکاروں نے کام کیا ہے لیکن ہانیہ عامر کی فلم تاریخی حیثیت رکھتی ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ ان حالات میں ہانیہ کا فلم میں ہونا ان کی بہترین پرفارمنس کی ضمانت ہے۔ اس سے ساتھ ہی انہوں نے شہیر کا ایموجی کا بھی اضافہ کیا۔
یاسر حسین کی جانب سے حمایت سامنے آنے کے بعد دیگر پاکستانی فنکار بھی یک بعد دیگر ہانیہ عامر کی حمایت میں سامنے آگئے۔
اداکارہ و میزبان انوشے نے یاسر حسین سے اتفاق کیا اور ان کی انسٹا اسٹوری کو ری شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ان سے قبل زیادہ تر پاکستانی اداکاروں نے بھارتی فلموں میں سائیڈ رول ادا کیے لیکن ہانیہ عامر نے مرکزی کردار ادا کیا اور وہ بھی دلجیت دوسانجھ جیسے اداکار کے ساتھ۔
اداکارہ زارا نور عباس نے بھی اداکارہ کی تعریفیں کرتے ہوئے ان کے کام پر فخر کا اظہار کیا اور انسٹااسٹوری شیئر کرتے ہوئے نیک خواہشات بھی ظاہر کیں۔
اس کے علاوہ ماہرہ خان، عثمان خالد بٹ، یشمیٰ گل، اسد صدیقی، زویہ ناصر، اقرا عزیز سمیت دیگر کئی فنکاروں نے ہانیہ عامر پر فخر اور انہیں اس کامیابی پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ پہلگام واقعے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان حالات اس قدر کشیدہ ہوگئے تھے کہ بات جنگ تک پہنچ گئی تھی۔
اسی دوران پاکستانی فنکاروں پر بھارت میں کام کرنے کے لیے ایک بار پھر پابندی عائد کر دی گئی۔ پاکستانی سُپر اسٹار فواد خان کی فلم عبیر گلال کی ریلیز روک دی گئی۔ ایسے میں ہانیہ عامر کی فلم سردار جی 3 پر بھی پابندی سے متعلق خبریں گردش کر رہی تھی۔
تاہم سردار جی 3 رواں ماہ 27 جون کو بھارت کے علاوہ دیگر ممالک میں ریلیز کی جائیے گی۔ تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ فلم پاکستان میں ریلیز ہوگی یا نہیں۔