کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین کیلئے اچھی خبر سامنے آئی ہے،نیشنل الیکٹرک پاورریگولیٹری اتھارٹی(نیپرا)نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اوسطاً ڈیڑھ روپیہ فی یونٹ کمی کی منظوری دی ہے،جو یکم جولائی کو شروع ہونیوالے آئندہ مالی سال کیلئے گھریلو بلوںپر فی یونٹ34روپےلاگو ہوگی۔ایک میڈیا رپورٹ میں سرکاری ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہےکہ وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد آئندہ سے ملک بھر میں یکساں ٹیرف لاگو کیا جائے گا۔اس وقت ملک میں گھریلو صارفین کیلئے بجلی کی فی یونٹ اوسط قیمت 37.64روپے ہے،جو3اپریل سے پہلے 45.05روپے فی یونٹ تھی۔کمرشل استعمال کیلئے نرخ 48.19سے کم کرکے 40.55روپے پر لائے گئے۔اس طرح وزیراعظم شہباز شریف نے فی یونٹ قیمت میں 7روپے کچھ پیسےکمی کا اعلان کیا تھا۔بجلی کی قیمتوں میں یہ کمی وزیراعظم ٹاسک فورس کے آٹھ ماہ کے ہوم ورک کےبعد کی گئی۔قبل ازیں گزشتہ تین سال میں بجلی کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہوا تھا،جس کا اندازہ 10ہزار روپے کی رینج میں آنے والے بجلی کے بلوں کے گزشتہ برس جولائی میں 40ہزار روپے سے متجاوز ہوجانے سے کیا جاسکتا ہے۔ملک میں بجلی کی پیداوار کا 60فیصد سے زیادہ دارومدار تیل وگیس پر ہے،جس کیلئے اس کاسالانہ بجٹ15سے20ارب ڈالر بنتا ہے۔رہی سہی کسر بجلی کے بلوں پر عائد ٹیکس پوری کردیتے ہیں۔اس وقت وفاقی بجٹ اپنی منظوری کے حتمی مرحلے میں ہے ،ضروری ہوگا کہ ٹیلی وژن سمیت تمام غیر ضروری محصولات ختم کیے جائیں۔ملک بھر میں کے ای ایس سی اور ڈسکوز کی تخصیص ختم کرنے کا فیصلہ اچھی بات ہے ،اس کے ساتھ ضروری ہوگا کہ مراعات کی صورت میں دی جانے والی لاکھوں یونٹ بجلی کی رعایت بھی ختم کی جائے،جس سے اس کے نرخ خاطر خواہ حد تک مزید نیچے آئیں گے۔