کراچی (ٹی وی رپورٹ) شنگھائی تعاون تنظیم کے حالیہ وزرائے دفاع اجلاس میں بھارت کو ایک بار پھر سفارتی محاذ پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔ جیوکے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں اس موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے تجزیہ کاروں ارشاد بھٹی ، فیصل وڑائچ ،مظہرعباس اور محمل سرفراز نے بھارتی رویے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بھارت چاہتا تھا جس زاویئے سے وہ پاکستان کو دیکھتا ہے دنیا بھی اسی طرح دیکھے اور برتاؤ کرے۔بھارت کی اس بات کو دنیا نے ماننے سے انکار کیا ہے، راج ناتھ سنگھ کے اعلامیہ پر دستخط سے انکار بھارت کی بڑھتی ہوئی سفارتی تنہائی کا مظہرہے۔ اجلاس کے اعلامیے میں بلوچستان میں بدامنی اور بھارتی کردار کا ذکر کیا گیا، جب کہ پہلگام واقعے کا ذکر شامل نہ ہونے پر بھارت سیخ پا ہو گیا۔ تجزیہ کاروں نے بھارت کی اندرونی و بیرونی پالیسیوں، خطے میں اس کے متنازع کردار، اور عالمی سطح پر اس کی گرتی ہوئی ساکھ پر بھی روشنی ڈالی۔ میزبان علینہ فاروق شیخ کے سوال کیا راج ناتھ سنگھ کا رویہ ظاہر کرتا ہے کہ بھارت سفارتی تنہائی کا شکار ہورہا ہے؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کار ارشاد بھٹی نے کہا کہ بھارت سفارتی تنہائی کا شکار ہورہا ہے۔اس کی وجہ یہ ہے کہ 7 ممالک میں بھارت خود دہشت گردی کروا چکا ہے۔بھارت کے اندرونی حالات، مقبوضہ وادی کے حالات کیا ہیں۔ایران اسرائیل جنگ میں را اور موساد کا گٹھ جوڑ نکلا ہے۔اس پر ایران میں کریک ڈاؤن ہورہا ہے۔ایران کے اندر دوستی کی آڑ میں را موجود تھی وہ موساد کے لئے کام کررہی تھی۔اسرائیل سے داغے گئے میزائلوں میں بھارتی دفاعی نظام بھی شامل تھا۔ شنگھائی کانفرنس کے مشترکہ اعلامئے میں پہلگام کا ذکر نہیں ہے بلوچستان کا ذکر ہے۔بلوچستان میں بد امنی کا ذکر ہے اور بھارتی کردار کا ذکر ہے۔ہمارے پاس سب سے بڑا ثبوت بلوچستان سے پکڑا گیا کلبھوشن یادیو بیٹھا ہے ۔بی ایل اے اور دیگر تنظیمیں دیکھ لیں۔خوشی کی بات یہ ہے کہ بھارت کو مرچیں لگی ہوئی ہیں اور مشترکہ اعلامئے پر دستخط کرنے سے انکار کردیا۔پورے بھارت میں غم و غصے کا اظہار کیا جارہا ہے ۔پہلگام واقعے میں پاکستان کا کردار نہیں نکلا۔پہلگام واقعے میں دس منٹ میں بغیر ثبوت کے کیسے پاکستان کو ملزم قرار دیا جاسکتا ہے۔بھارت میں پہلگام واقعے کے حملہ آور نہیں پکڑے گئے۔ کہا جارہا ہے یہ اسکرپٹ شدہ کہانی ہے۔ کہا جارہا ہے کیوں چناؤکے عین قریب یہ سارا کچھ ہوجاتا ہے۔راج ناتھ نے پھر آپریشن سندو ر کا ذکر کیا ہے ۔سرینڈر مودی سے راج ناتھ تک ساروں کی ڈھٹائی کو سلام ہے۔دنیا ہمارے آپریشن بنیان مرصوص کی تعریفیں کررہی ہے یہ آپریشن سندور میں گھسے ہوئے ہیں۔اگر آپریشن سندور کامیاب تھا تو کیوں رافیل طیارہ بنانے والی کمپنی کے شیئرز گر گئے ہیں۔اسرائیلی ڈرونز کا کیوں مذاق اڑایا جارہا ہے۔ بھارت کو ساری دنیا جان چکی ہے یہ دہشت گرد بھارت ہے ان کی دہشت گردی بے نقاب ہورہی ہے۔ تجزیہ کارفیصل وڑائچ نےکہا کہ بھارت کی پاکستان کے بارے میں جو پالیسی تھی وہ دنیا بھرمیں کمزور ہوئی ہے۔بھارت چاہتا تھا جس زاویئے سے وہ پاکستان کو دیکھتا ہے دنیا بھی اسی طرح دیکھے اور برتاؤ کرے۔بھارت کی اس بات کو دنیا نے ماننے سے انکار کیا ہے۔