• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خالدہ علی

بریانی اور سیخ کباب ہر خاص وعام کی پسندیدہ ڈِشز ہے۔ ان کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایاجاسکتا ہے کہ عموماً کھانے پینے کی کوئی بھی تقریب، محفل اِن کے بغیرمکمل نہیں ہوتی۔ 

اگر آپ بھی ان لذیذ روایتی پکوانوں سے اپنے گھر آئے مہمانوں کا دِل جیتنا چاہتے ہیں، تو ہماری پیش کردہ بمبئی بریانی اور سیخ کباب کی مزے دار تراکیب آزما دیکھیں اور اپنے خاص الخاص مہمانوں کے سامنے پیش کر کے عام سے فُوڈ ایونٹ کو بہت خاص بنائیں۔

بمبئی بریانی 

اجزا: بیف (اُبلا ہوا) 1کلو، چاول (اُبال کر چھان لیں) 1کلو، بمبئی بریانی مسالا ایک پیکٹ، آلو (اُبال کر کاٹ لیں) آدھا کلو، پیاز 4عدد، لہسن اور ادرک کا پیسٹ 2 کھانے کے چمچ، دہی ایک کپ، ٹماٹر (چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں کاٹ لیں) 4عدد، ہری مرچیں 8عدد، پودینا ( کٹا ہوا) ایک کپ، لیموں (سلائس کی شکل میں کاٹ لیں) 2عدد، زعفرانی رنگ ایک چوتھائی چائے کا چمچ، دودھ آدھا کپ، کیوڑا ایک کھانے کا چمچ، خوردنی تیل ایک کپ۔

ترکیب: سب سے پہلے سوس پین میں تیل گرم کرکے پیاز ڈال کر اُسے سُنہری کر لیں۔ پھر اس میں گوشت اور لہسن، ادرک کا پیسٹ ڈال کر بُھونیں۔ اس کے بعد ہری مرچیں، ٹماٹر اور دہی ڈال دیں اور درمیانی آنچ پر 10-15منٹ پکائیں۔ اب بمبئی بریانی مسالا اور آلو ڈال کر بُھونیں۔ تیل الگ ہوجائے، تو چولھے سے اُتار لیں۔

پھر ایک بڑے سوس پین میں آدھے چاول ڈالیں اور ان پر گوشت، پودینا اور لیموں کے سلائسز ڈال کر اس پر باقی چاول ڈال دیں۔ آخر میں زعفرانی رنگ، دودھ اور کیوڑا گھول کر ڈالیں اور 10منٹ تک دم پررکھ دیں۔ لیجیے، مزے دار بمبئی بریانی تیار ہے۔ سرونگ ڈش میں نکال کر گرما گرم سرو کریں۔

سیخ کباب

اجزا: قیمہ (دو بار مشین سے نکلا ہوا) آدھا کلو، نمک ایک چائے کا چمچ، ادرک کا پیسٹ ایک چائے کا چمچ، لہسن کا پیسٹ ایک چائے کا چمچ، کچری پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، لال مرچ پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، گھی دو کھانے کے چمچ، گرم مسالا پاؤڈر ایک کھانے کا چمچ۔

ترکیب: قیمے میں نمک، ادرک، لہسن، کچری پاؤڈر، لال مرچ پاؤڈر اور گرم مسالا پاؤڈر ڈال کرلگ بھگ ایک گھنٹے تک میری نیشن کے لیے رکھ دیں۔ اس کے بعد اپنے ہاتھوں کو ہلکا سا گیلا کرکے قیمے کے گول گول کباب بنا کر اُنہیں یا تو سیخ میں پرو کے کوئلوں پرسینک لیں یا گِرل کرلیں۔ 

سینکنے کے دوران برش سے ہلکا ہلکا گھی لگاتی جائیں اور تیار ہونے پر بارک کٹی پیاز، کھیرے اور ہری چٹنی یا املی کی چٹنی کے ساتھ پیش کریں۔