گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد کا کہنا ہے کہ گزرے چند سال معیشت کے لیے مشکل رہے، حکومت اور اسٹیٹ بینک کی کوششوں کے باعث مشکل سے نکل آئے ہیں۔
ویمن آنٹرپرینیور فنانس کوڈ پاکستان کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جمیل احمد نے کہا کہ خواتین کا مالی نظام میں شامل نہ ہونا کم بچت اور قلیل سرمایہ کاری کا سبب ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ مہنگائی کم ہے اور معاشی منظر نامہ بہتر ہے، خواتین کی مالی شمولیت بڑھانے پر توجہ ہے، 22 فیصد خواتین ملک کی ورک فورس کا حصہ ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ بینکوں کی آمد ورفت، مالی رسائی اور ڈیجیٹل آن بورڈنگ کے مسائل ہیں۔
جمیل احمد نے کہا کہ ایکو سسٹم بنانے کے لیے ایشین ڈیولپمنٹ بینک کا شکریہ ادا کرتا ہوں، اسٹیٹ بینک وی فنانس کا نیشنل کوڈ چیمپئن مقرر ہے، ہم اس پروگرام کو مالی اداروں، تعلیمی اداروں اور نجی شعبے تک لے کر جائیں گے۔
اُنہوں نے کہا کہ 20 بینک اس کوشش میں شامل ہوئے ہیں، باقی اسٹیک ہولڈرز کو اس کوشش کا حصہ بننے کی ترغیب دوں گا، نیشنل چیمپئن بنانے پر اسٹیٹ بینک کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ وی فنانس کوڈ پر 16 بینکوں اور 6 مائیکرو فنانس بینکوں نے دستخط کیے ہیں، کوڈ میں شامل ملک ایک دوسرے کے تجربے سے مستفید ہوں گے۔