• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مصنّف: قیوم نظامی

صفحات: 304،

قیمت: 1000روپے

ناشر: قلم فاؤنڈیشن انٹرنیشنل، یثرب کالونی، والٹن روڈ، لاہور۔

فون نمبر:0515101 - 0300

قیوم نظامی کا شمار پاکستان پیپلز پارٹی کے بنیاد گزاروں میں ہوتا ہے۔ اُنہوں نے میدانِ سیاست میں بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کیا، لیکن اب اُردو ادب کا فروغ اُن کا نصب العین ہے۔ اُنہوں نے بڑوں کے لیے26 اور بچّوں کے لیے 35کتب قلم بند کیں۔ ان کے شب و روز ڈاکٹر عزیز الدّین احمد، ڈاکٹر سیّد عبداللہ، ڈاکٹر وحید قریشی، ڈاکٹر عبادت بریلوی، ڈاکٹر خواجہ محمّد زکریا اور ڈاکٹر سجّاد باقر رضوی جیسی یگانۂ روزگار شخصیات کے درمیان گزرے۔ 

اچھی صحبتوں سے آدمی، اچھی روایت کا امین بن جاتا ہے۔ زیرِ نظر کتاب قیوم نظامی کی سماجی اور سیاسی آپ بیتی پر مشتمل ہے اور اُن کے اندازِ نظر نے آپ بیتی کو، جگ بیتی بنا دیا ہے۔ قیوم نظامی82برس کے ہوگئے ہیں، غالباً اِسی تناظر میں اُنہوں نے اِس کتاب کو اپنی آخری کتاب لکھا ہے۔ ہماری دُعا ہے کہ وہ صحت وتن دُرستی کے ساتھ زندگی گزاریں اور اِسی طرح کتابوں کی تعداد میں اضافہ کرتے رہیں۔ 

زیرِ نظر کتاب29مضامین پر مشتمل ہے، جو پاکستان کے بنیادی مسائل کا احاطہ کرتے ہیں۔پہلا حصّہ، اُن کی سماجی اور سیاسی زندگی کے حوالے سے ہے،جس میں حیران کُن اور دل چسپ واقعات شامل ہیں۔ کتاب میں پاکستان کے سیاسی، مذہبی، معاشی، تعلیمی، زرعی، عدالتی اور انتظامی مسائل کا بے لاگ انداز میں جائزہ لیا گیا ہے۔ 

کتاب کے ناشر، علّامہ عبدالستار عاصم نے تحریر کیا ہے کہ’’ اُمید ہے کہ اِس کتاب کو خُوب پذیرائی ملے گی۔ مشاہدات وتجربات کا یہ انسائیکلو پیڈیا طلباء وطالبات، اساتذہ اور دانش وَروں کے لیے علمی اور تاریخی آئینے کا کردار ادا کرے گا۔‘‘اللہ کرے، ایسا ہی ہو۔

اعتذار

جنگ’’ سنڈے میگزین‘‘ کے6 جولائی کے شمارے میں صفحہ’’نئی کتابیں‘‘ پر ایک کتاب’’ خفتگانِ خاکِ گوجرانوالا‘‘ کے مصنّف کے نام کے حوالے سے فاضل تبصرہ نگار غلط فہمی کا شکار ہوگئے۔ 

مذکورہ کتاب کے مصنّف، پروفیسر محمّد اسلم(مرحوم) نہیں، بلکہ پروفیسر محمّد اسلم اعوان ہیں، جو بقیدِ حیات ہیں، جب کہ جو دیگر کتب اُن سے سہواً منسوب ہو گئیں، اُن کے مصنّف پروفیسر محمّد اسلم(مرحوم) اور ڈاکٹر منیر احمد سلیچ ہیں۔