بلقیس متین، کراچی
اکثر افراد اِس شش و پنج میں مبتلا رہتے ہیں کہ بیکنگ پاؤڈر اور بیکنگ سوڈا ایک ہی شے کے دو مختلف نام ہیں یا دونوں الگ الگ اشیاء ہیں اور دونوں کا استعمال یک ساں ہے یا دونوں کی خصوصیات ایک دوسرے سے جُدا ہیں۔ آپ کی یہ اُلجھن دُور کرنے کے لیے آج ہم آپ کو بیکنگ پاؤڈر اور بیکنگ سوڈے کے مابین فرق اور اُن کا استعمال بتاتے ہیں۔
گرچہ بیکنگ سوڈا اور بیکنگ پاؤڈر دونوں ہی بیکڈآئٹمز میں کاربن ڈائی آکسائیڈ گیس پیدا کرتے ہیں اور خمیر پیدا کرنے والے ایسے ایجنٹس ہیں کہ جوبسکٹ، کیک اور دیگر چیزوں کو ہلکا پُھلکا اور پُھلانے کا کام کرتے ہیں، لیکن اپنے اجزاء اور تاثیر کے اعتبار سے یہ ایک دوسرے سے قطعاً مختلف ہوتے ہیں۔
بیکنگ پاؤڈر: بیکنگ پاؤڈر تیزابیت کا حامل ہوتا ہے۔ یہ ایک ایسا کیمیائی مادّہ ہے کہ جو کاربن ڈائی آکسائیڈ، پانی اور نمک کی تشکیل کے لیے تیزاب کے ساتھ مل کر ردِعمل ظاہر کرتا ہے۔ اس کا ذائقہ تلخ ہوتا ہے اور اِسی لیے اِسے کم مقدارمیں استعمال کیا جاتا ہے۔
اگر اِسے کسی چیز میں زیادہ ڈال دیا جائے، تو وہ بد ذائقہ ہوجاتی ہے۔ اِس لیے اِسے نہایت احتیاط سے استعمال کرنا چاہیے۔ بیکنگ پاؤڈر کسی بھی کھانے کی چیز جیسے کہ بسکٹ، کیک یا پیزا وغیرہ کے آمیزے کے ساتھ مل کر اُس میں فوراً خمیر پیدا کردیتا ہے اور نتیجتاً اُس چیز کا ذائقہ تھوڑا سا نمکین ہو جاتا ہے۔ لہٰذا، اِسے ہمیشہ کم مقدار میں استعمال کرنا چاہیے۔ نیز، یہ چُھونے پر تھوڑا بُھربُھرا سا محسوس ہوتا ہے۔
بیکنگ سوڈا : اِسے کھانے کا سوڈا یا میٹھا سوڈا بھی کہاجاتا ہے اور اس میں بیکنگ پائوڈر کی مانند تیزابیت نہیں ہوتی۔ بیکنگ سوڈے کے بےشُمار فوائد ہیں۔ اسے پُرانے برتنوں اور چولھے پر جمی میل کی صفائی سے لے کر معدے کے امراض اور چہرے پر نمودار ہونے والے دانوں کے خاتمے تک کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
علاوہ ازیں، یہ دانتوں کی صفائی، بلیک ہیڈز کے خاتمے اور کپڑوں کی دُھلائی وغیرہ کے لیے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ نیز، میٹھا سوڈا مختلف کھانوں کی تیاری میں بھی استعمال ہوتا ہے، بالخصوص اِسے بیسن میں شامل کرنے سے پکوڑے نرم بنتے ہیں۔