گورنر خیبر پختون خوا فیصل کریم کریم کنڈی نے کہا ہے کہ کل کا سینیٹ الیکشن وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈا پور کے خلاف عدم اعتماد کی ریہرسل ہو گا۔
’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے گورنر کے پی نے کہا کہ جن کا اپنے نامزد کردہ امیدواروں پر بس نہیں چل رہا، ان کا ایم پی ایز اور معاہدے پر عمل درآمد کے لیے بس کہاں چلے گا؟
گورنر خیبر پختون خوا نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان 6 اور 5 کا فارمولا طے پایا، حکومت کے امیدواروں نے بات نہیں مانی، اگر سینیٹر بن جاتے تو کہا ہوتا، ہم اپنا کام بھی ساتھ ساتھ کر رہے ہیں، 6 سے 7 سینیٹرز بنانے کی کوشش ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پی ٹی آئی والے اپنے امیدواروں کو دستبردار نہیں کر سکے، علی امین جانتے ہیں کہ انہوں نے اپنے ایم پی ایز کے ساتھ کیا کیا، وہ پہلے اپنے پارٹی اراکین میں اعتماد پیدا کریں، حکومت کے ساتھ اپوزیشن لیڈر نے مذاکرات کیے ہیں، پیپلز پارٹی نے نہیں کیے۔