پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین نے کہا ہے کہ ایکسپو 2025ء اوساکا میں پاکستان کی بھرپور شرکت سے ناصرف جاپان بلکہ دنیا بھر میں پاکستان کا روشن اور مثبت تاثر اُجاگر ہوا ہے۔
رانا عابد حسین کے مطابق اس عالمی نمائش میں پاکستانی پویلین نے اپنی دلکش پیشکش سے غیرملکی زائرین کو متاثر کیا جس سے پاکستان کو ایک باوقار، مہذب اور تعلیم یافتہ قوم کے طور پر متعارف کروانے میں مدد ملی۔
رانا عابد حسین نے کہا ہے کہ پاکستانی ثقافت، دیسی کھانوں، اعلیٰ معیار کے پھلوں اور عالمی شہرت یافتہ پنک سالٹ نے پاکستانی شناخت کو ایک نئی جہت دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایکسپو جیسے بین الاقوامی پلیٹ فارم پاکستان کو اپنی روایات اور مصنوعات دنیا کے سامنے پیش کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جاپان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے یہ ایک اعزاز ہے کہ پاکستانی پویلین غیر معمولی توجہ کا مرکز بن چکا ہے جہاں روزانہ ہزاروں جاپانی اور غیر ملکی سیاح پاکستان کے رنگ، ذائقے اور تہذیب سے متاثر ہو رہے ہیں۔
انہوں نے حکومتِ پاکستان، سفیرِ پاکستان، سفارتخانے کے عملے اور وزیرِ اعظم پاکستان کو بھی اس شاندار نمائندگی پر خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ایسی کامیابیاں پاکستان کے عالمی وقار میں اضافہ کرتی ہیں۔
رانا عابد حسین نے توقع ظاہر کی کہ آئندہ بھی اسی طرح کے مواقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان اپنی اقتصادی، ثقافتی اور سفارتی شناخت کو مزید مستحکم کرے گا۔