پاکستان کے معروف ٹی وی میزبان اور رکن قومی اسمبلی مرحوم ڈاکٹر عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ دانیہ شاہ کے دوسرے شوہر ٹک ٹاکر حکیم شہزاد لوہا پاڑ نے سیاست میں قدم رکھ دیا۔
پنجاب میں مظفر گڑھ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 175 میں ضمنی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے۔
گزشتہ کاغذاتِ نامزدگی جمع کرواتے ہوئے ریکارڈ کی گئی ویڈیو مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر وائرل ہوئی، جس کے مطابق حکیم شہزاد دانیہ شاہ سمیت اپنی 2 بیویوں کے ہمراہ ریٹرننگ آفیسر کے دفتر پہنچے۔
ٹک ٹاک پر شیئر کی گئی ایک ویڈیو میں انہوں نے بتایا کہ ان کی ایک اہلیہ مظفر گڑھ سے ہیں، اس لیے یہ علاقہ ان کے لیے نیا نہیں، سسرالیوں کے سبب پورا مظفر گڑھ انہیں جانتا ہے اور مظفر گڑھ کے رہائشیوں کے اصرار پر انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ مظفر گڑھ کی برادری اور عوام ان کا ساتھ دے گی۔
خیال رہے کہ این اے 175 ضمنی انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا آج آخری دن ہے۔ امیدوار آج شام 5 بجے تک کاغذات نامزدگی جمع کروا سکتے ہیں۔
گزشتہ روز حکیم شہزاد سمیت 6 امیدواروں نے کاغذات ریٹرننگ آفیسر کو جمع کروائے۔ جمشید دستی کی اہلیہ اور بھتیجے نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔
این اے 175 کی نشت کے لیے حکیم شہزاد کا مقابلہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی سمیت دیگر جماعتوں کے مضبوط امیدواروں سے ہوگا جبکہ انہوں نے ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ انہیں استحکام پاکستان پارٹی کی جانب سے ٹکٹ کی پیشکش کی گئی تھی۔
این اے 175 کی نشست الیکشن کمیشن کی جانب سے جمشید دستی کو نااہل قرار دیے جانے کے بعد خالی ہوئی تھی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 175 پر ضمنی انتخاب 10 ستمبر کو ہوگا۔