• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جگن کاظم نے علیزے شاہ سے معافی مانگ لی

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

پاکستانی معروف اداکارہ و میزبان سیدہ مہربانو کاظم المعروف جگن کاظم نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے اداکارہ علیزے شاہ سے معافی مانگ لی۔

ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر تمغہ امتیاز کی حامل میزبان نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے علیزے شاہ تک اپنا پیغام پہنچایا۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ناراض اداکارہ کو بیٹا کہہ کر مخاطب کیا اور کہا، ’میرے کسی بھی عمل سے آپ کو تکلیف پہنچی ہو تو میں آپ سے معافی مانگتی ہوں، مجھے احساس ہے جو میں نے کیا غلط کیا۔‘

انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ تقریباً 4 سال پہلے کا تھا اور اس وقت مجھے بتایا گیا تھا کہ آپ کو یہ چیز بری نہیں لگی بلکہ آپ خوش ہیں کہ ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، اگر مجھے احساس ہوتا تو میں اسی وقت آپ سے معافی مانگ لیتی۔

میزبان نے مزید کہا، ’میں نے آپ کے خوش ہونے کی بات سن کر ہی آپ کی پیروڈی کی اگر مجھے اس وقت احساس ہوتا کہ آپ کو تکلیف پہنچی ہے تو میں اسی وقت معافی مانگ لیتی میرے لیے کسی سے معافی مانگنا انا کا مسئلہ نہیں ہے، اگر میں نے غلطی کی ہے تو میں بلا جھجک معافی مانگنے کے لیے تیار ہوں اگر آپ مجھے اس وقت فون کرکے کہتی کہ آپ کو میرا عمل ناگوار گزرا ہے تو میں اسی وقت آپ سے معذرت کرتی مجھے کافی دیر میں معلوم ہوا۔‘

جگن کاظم نے اس کے ساتھ ہی ناظرین اور سوشل میڈیا صارفین سے بھی درخواست کی کہ معروف شخصیات کو ٹرول کرنے کے بجائے انہیں سمجھیں، صارفین بغیر سوچے سمجھے ہر چیز کا تماشا بنا دیتے ہیں جس سے شوبز شخصیات کی ذہنی صحت  یا شخصیت متاثر ہوسکتی ہے۔

 واضح رہے کہ علیزے شاہ نے چند دن قبل انسٹااسٹوری شیئر کرتے ہوئے انڈسٹری کی مختلف شخصیات کو مخاطب کرکے اپنے گلے شکوے بیان کیے تھے، جس کے سبب انہیں تکلیف پہنچی تھی۔

مذکورہ ویڈیو میں انہوں نے 4 برس قبل برائیڈل شو کے دوران پیش آنے والے واقعے کا بھی ذکر کیا اور کہا تھا کہ معروف گلوکارہ شازیہ منظور نے انہیں ریمپ واک کے دوران جان بوجھ کر گرایا اور بعدازاں اس واقعے کو خوب کیش کیا۔

علیزے شاہ نے یہ بھی کہا تھا کہ ریمپ واک کے واقعے کے بعد میزبان جگن کاظم نے آن ایئر میرا مذاق اُڑایا تھا جس کے بعد میری نظر میں ان کی عزت ختم ہوگئی۔ تاہم اب علیزے شاہ کے شکوے کے بعد جگن کاظم نے پبلک پلیٹ فارم پر معافی مانگ لی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید