کیا آپ آج اپنا وقت بچا کر مستقبل میں استعمال کرنا چاہیں گے؟ اگر ہاں تو اِس کے لیے ٹائم بینک کو حقیقیت میں ڈھالا جا رہا ہے۔
دنیا بھر میں آبادی کا بڑا حصہ عمر رسیدہ ہوتا جا رہا ہے، آج دنیا میں ہر 10 میں سے 1 فرد 65 سال سے زائد عمر کا ہے۔
2050ء تک یہ تناسب بڑھ کر ہر 6 میں سے 1 ہو جائے گا، مطلب ہے کہ ہمیں معمر افراد کی دیکھ بھال کرنے والوں کی مزید ضرورت ہو گی، ٹائم بینک جیسا ماڈل اس ضرورت کو پورا کرنے کا ایک ممکنہ حل ہو سکتا ہے۔
اس ماڈل کے تحت سوئس حکومت کی جانب سے معمر افراد کی دیکھ بھال کے لیے ٹائم بینک کا آغاز کیا گیا ہے۔
سوئٹزرلینڈ میں لوگ وقت کی بچت کر رہے ہیں تاکہ مستقبل میں اسے استعمال کر سکیں۔ یعنی نوجوان افراد رضاکارانہ طور پر بزرگ شہریوں کی دیکھ بھال کرتے ہیں، وہ جتنا وقت اِس خدمت میں گزارتے ہیں، وہ وقت اپنے سوشل سیکیورٹی اکاؤنٹ میں جمع کروا دیتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق جب یہ نوجوان رضاکار خود بوڑھے ہو جاتے ہیں اور انہیں مدد کی ضرورت پڑتی ہے تو وہ جمع شدہ وقت استعمال کرتے ہوئے نوجوان رضاکاروں سے دیکھ بھال حاصل کر سکتے ہیں۔
اسی طرح کی ایک اسکیم چین میں بھی شروع کی جا رہی ہے۔
چین میں رضاکار ہر ایک گھنٹے کی خدمت کے بدلے ایک سکہ کماتے ہیں، یہ سکے وہ یا تو 60 سال کی عمر کے بعد خود استعمال کر سکتے ہیں یا انہیں اپنے بزرگ رشتہ داروں یا دوستوں کو عطیہ کر سکتے ہیں، اگر کوئی 10 ہزار سکے جمع کر لے تو اسے ریاست کے زیرانتظام اولڈ ہوم میں رہنے کا حق مل جاتا ہے۔