• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

43ویں پرپوزل پر ہاں، 7 سال بعد نوجوان کی کوششیں رنگ لے آئیں

---تصاویر: سوشل میڈیا
---تصاویر: سوشل میڈیا

لندن سے تعلق رکھنے والے 36 سالہ لوک ون ٹرپ نے محبت کی سچی مثال قائم کرتے ہوئے 42 بار انکار سننے کے بعد 43ویں پیشکش پر بالآخر اپنی دیرینہ گرل فرینڈ سارہ ون ٹرپ سے ہاں سن لی۔

لوک نے پہلی بار سارہ کو 2018ء میں شادی کی پیشکش کی تھی، مگر سارہ اُس وقت اپنی ناکام ازدواجی زندگی اور 3 بچوں کی پرورش کی وجہ سے شادی کے لیے تیار نہ تھیں۔ لوک نے انکار کے باوجود ہار نہ مانی اور ہر بار نئے اور رومانوی انداز میں پرپوز کرتے رہے۔

ان 7 سالوں میں لوک یادگار انداز میں پرپوزل دیتے رہے، جس میں پراگ کے قدیم محلات، جمیکا کے ساحل پر گھوڑوں کی سواری اور دیگر دلکش مقامات شامل تھے، لیکن سارہ کا جواب ہر بار نہ ہوتا تھا۔

تاہم 42 ویں انکار کے بعد سارہ نے ایک اشارہ دیا تھا کہ شاید اگلی بار وہ ہاں کہہ دیں، ایک سال بعد لوک نے لندن کے رائل آبزرویٹری گرین وچ میں سارہ کو ایک بار پھر پرپوز کیا اور دل کو چھو لینے والے الفاظ کہے کہ یہ دنیا کا مرکز ہے اور تم میری دنیا کا مرکز ہو۔

اس بار بالآخر سارہ نے مسکرا کر ہاں کہہ دیا، جس پر لوک جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔

اس غیر معمولی اور مستقل محبت کی کہانی نے سوشل میڈیا پر بھی خوب توجہ حاصل کی اور صارفین کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

دلچسپ و عجیب سے مزید