• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مصنّفہ: نسرین اسلم شاہ

صفحات: 185، قیمت: 700 روپے

ناشر: شعبہ سماجی بہبود، جامعہ کراچی۔

پروفیسر نسرین اسلم شاہ معروف ماہرِ تعلیم، محقّق اور کئی کتب کی مصنّفہ ہیں۔جامعہ کراچی کے کلیہ فنون و سماجی علوم کی سربراہ اور سینٹر آف ایکسی لینس فار ویمنز اسٹڈیز کی ڈائریکٹر رہ چُکی ہیں۔ اُنھیں کراچی سے گویا عشق ہے، جس کا اظہار کتابی صُورت میں ہوتا رہتا ہے کہ وہ اِس شہر پر اب تک ایک درجن کے لگ بھگ تحقیقی کتب تحریر کر چُکی ہیں اور زیرِ نظر کتاب بھی اِسی سلسلے کی کڑی ہے۔

پانچ ابواب پر مشتمل اِس کتاب کا پہلا باب’’ تعارف‘‘ کے عنوان سے ہے، جس میں مختلف مقامات کے ناموں سے متعلق تحقیقی اصولوں کی تفصیلات ہیں۔ دوسرے باب’’ لٹریچر کا جائزہ‘‘ اور تیسرے باب’’تحقیقی طریقۂ کار‘‘ میں تحقیقی امور سے بحث کی گئی ہے تاکہ قارئین کو علم ہوسکے کہ کتاب کا مواد کن اصولوں کی بنیاد پر جمع اور پرکھا گیا۔ باب چہارم’’ کراچی کے نئے اور پرانے علاقے‘‘ کے عنوان سے ہے، جس میں شہرِ قائد کے 121 محلّوں، کالونیوں یا علاقوں سے متعلق وہ معلومات فراہم کی گئی ہیں، جو شاید ہی کہیں اور دست یاب ہوں۔

اِس ضمن میں مصنّفہ اور اُن کی ٹیم کی محنت ہر ہر صفحے سے عیاں ہے۔ پروف کی کچھ غلطیوں یا عوام میں مشہور چند غیر تحقیقی باتوں کے اندراج کے علاوہ، بطور مجموعی اِس کتاب میں فراہم کردہ مواد محقّقین کو کئی نئے راستے دِکھاتا ہے، جن کی بنیاد پر وہ اپنا تحقیقی کام آگے بڑھا سکتے ہیں۔ یقیناً یہ کتاب کراچی کی تاریخ سے شغف رکھنے والوں میں خُوب پذیرائی حاصل کرے گی کہ یہ ہر حوالے سے اِس کی مستحق ہے۔