• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جمعہ کے روز چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے قیام کی 98ویں سالگرہ کی تقریب میں پاک فوج کے سربراہ نے پاکستان اور چین کی افواج کو حقیقی معنوں میں برادر فوجیں کہہ کر دونوں ملکوں کی اس پوری تاریخ کو مذکورہ لفظوں میں سمودیا جو آزمائش کی ہر کسوٹی پر پوری اتری ہے۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے الفاظ میں پاکستان اور چین کی اسٹرٹیجک شراکت داری علاقائی استحکام کو فروغ دینے اور مشترکہ اسٹرٹیجک مفادات کے تحفظ میں کلیدی کردار ادا کرتی رہے گی۔ بدلتی ہوئی اسٹرٹیجک حرکیات کے باوجود دونوں ممالک کی دوستی مستحکم ، ناقابل شکست ، وقت کی ہر کسوٹی کے مطابق اور بدلتے چیلنجز کے مقابل مضبوط چٹان ثابت ہوئی ۔چینی سفیر جیانگ زائی ڈونگ نے،جواس تقریب کےمہمان خصوصی تھے ، پی ایل اے کی 98ویں سالگرہ منانے کیلئے تقریب کی میزبانی پر آرمی چیف کا مخلصانہ شکریہ ادا کیا، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں عساکر پاکستان کے مستحکم کردار کو سراہا اور پاکستان کیساتھ اسٹرٹیجک شراکت داری کیلئے چین کی غیر متزلزل حمایت وعزم کا اعادہ کیا ۔ پاکستان کیلئے، جسے اپنے قیام کے وقت سے اکھنڈ بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم رکھنے والے ملک سے دوستانہ تعلقات کی ہر کوشش کے باوجود کئی بار جارحیت کا سامنا کرنا پڑا ،چین سمیت دوست ملکوں کی یہ حمایت بڑا سرمایہ ہے۔ مئی کے مہینے میں کیا گیا فل اسکیل مس ایڈونچر اللّٰہ کےفضل و کرم اور عساکر پاکستان کی مستعدی سے دشمن کی بدترین ہزیمت اور پاکستان کی سرخروئی کا ذریعہ بن گیا جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بروقت ثالثی نے دنیا کوممکنہ ایٹمی جنگ کے خطرے سے بچالیا۔ پاکستان تمام ممالک سے باہمی احترام،تجارت مشترکہ مفادات کی بنیاد پراشتراک عمل کی پالیسی پر کاربند ہے جس کی اصابت ثابت ہوچکی ہے اور انشا اللّٰہ آگے چل کر بھی یہ پالیسی پاکستان کی امن مذاکرات کی کوششوں کے ساتھ مل کر مثبت نتائج دے گی۔

تازہ ترین