گزرتے وقت کے ساتھ جہاں دوسرے شعبوں میں محیر العقول تکنیکی انقلاب آیا ہے وہاں جنگی سازوسامان کی تیاری میں حیرت انگیز تبدیلیاں دیکھنے کو مل رہی ہیں۔ حالیہ جنگ میں جس چیز نے پاکستان کو اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن بھا رت پر زبردست فتح دلائی وہ مادر وطن کے شیر جوانوں کی اعلیٰ تربیت اور ناقابل تسخیر عزم و حوصلے کے علاوہ جدید ترین آلات حرب اور انٹلیجنس میں مہارت کا کرشمہ ہے۔ اس حوالے سے پاک فوج میں چینی ساختہ جنگی ہیلی کاپٹر زیڈ۔10ایم ای کی شمولیت ایک بڑی پیش رفت ہے۔ مظفر گڑھ فائرنگ رینج میں آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شمولیت کی تقریب کی صدارت کی اور ان جدید ترین اٹیک ہیلی کاپٹروں کی فائر پاور کا عملی مظاہرہ دیکھا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج جنگی ماحول میں برتری برقرار رکھے گی۔ قومی یکجہتی، سول اورفوجی ہم آہنگی، ہائبرڈ خطرات کے مقابلے کی تیاری اور قومی سطح کے اشتراک کی ضرورت پر زوردیتے ہوئےانہوں نے کہا کہ جدید نظام پاک فوج کےفضائی شعبے کی جدیدیت کی جانب اہم سنگ میل ہے۔ آئی ایس پی آر کےمطابق زیڈ10ایم ای اٹیک ہیلی کاپٹر دن کی روشنی اور رات کے اندھیرےمیں دونوں صورتوں میں درستگی سے حملے کرنے اور ٹھیک ٹھیک نشانے لگانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور فضائی اور زمینی خطرات سے نمٹنے کی اہلیت کو نمایاں طور پر بڑھاتا ہے۔ برطانوی میڈیا نے بھی 7مئی کی رات پاکستان کی کامیاب الیکٹرانک وار فیئر کے ذریعے بھارت پر فضائی برتری قرار دیتے ہوئےلکھا کہ پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیربابر سدھو کی براہ راست نگرانی میں بھارتی رافیل طیارے گرائے گئے جس پر ساری دنیا حیران رہ گئی۔ پاکستان کو اپنی علاقائی خود مختاری اور سالمیت کے لئے مسلح افواج کو جدید جنگی صلاحیتوں اور سازوسامان سے لیس کرنے کا سلسلہ جاری رکھنا چاہئے۔