لندن ( جنگ نیوز ) جوئے اور سٹے بازی نے کھیلوں کی دنیا کو ہلا کر رکھا ہوا ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق یہ وبا اولمپکس جیسے عالمی میلے کو بھی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔ معروف روزنامے نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اولمپکس میں باکسنگ کے کئی مقابلے فکسڈ ہوسکتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق چند ججز اور ریفریز مبینہ طور پر فکسنگ میں ملوث ہیں جنہوں نے انٹرنیشنل امیچر باکسنگ ایسوسی ایشن (آئبا) کے ذریعے ڈراز میں گڑبڑ کی ہے۔ اخبار آئبا کے نامعلوم ترجمان کے حوالے سے لکھتا ہے کہ آئبا کے اعلیٰ آفیشلز نے مبینہ طور پر چند بڑے حالیہ مقابلوں میں نتائج میں ردوبدل کرایا تاکہ مخصوص باکسر اولمپکس کےلیے کوالیفائی کرسکیں اور میگا ایونٹ میں بھی انہیں جتوانے کیلیے اپنا اثرورسوخ استعمال کرسکتے ہیں۔ تاہم آئبا نے اس بات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے اسے محض قیاس آرائی قرار دیا ہے۔