جرمنی کے سائنسدانوں نے تقریباً 18 کروڑ 30 لاکھ سال پہلے سمندروں میں تیرنے والی قدیم سمندری مخلوق دریافت کرلی۔
یہ مخلوق ڈائنوسار کے زمانے کی ہے، جب زمین پر خوفناک جانوروں کا راج تھا تو سمندر میں یہ آبی مخلوق حکومت کرتی تھی۔
1978ء میں جرمنی کے ایک علاقے ہولزماڈن میں ایک پتھر کی کان سے یہ دریافت ہوئی تھی، لیکن اس وقت اس پر زیادہ تحقیق نہیں ہوئی تھی، تاہم اب جدید تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ یہ مخلوق ایک نئی اور عجیب قسم کی ہے جو پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی اور نہ ہی کبھی اس کی شناخت کی گئی تھی۔
سائنسدانوں نے اس کا نام پلیسیونیٹس لانگی کولم Plesionectes longicollum رکھا ہے، جس کا مطلب ہے لمبی گردن کی حامل تیراکی کرنے والی مخلوق۔
یہ مخلوق لمبی گردن، تیراکی کی صلاحیت اور منفرد جسمانی ساخت کی حامل تھی، اس کا ڈھانچہ تقریباً اصل حالت میں ملا ہے اور حیرت کی بات یہ ہے کہ اس کے جسم کے نشانات کروڑوں سال بعد بھی بلکل واضح ہیں۔
یہ نایاب فوسل اب جرمنی کے شہر اسٹٹگارٹ میں واقع اسٹیٹ میوزیم فار نیچرکنڈے میں مستقل طور پر محفوظ کر لیا گیا ہے، جہاں دنیا بھر سے لوگ آ کر اسے دیکھ سکتے ہیں۔