• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت: وہیل کی قے کی اسمگلنگ ناکام، ملزم گرفتار

تصویر:بھارتی میڈیا
تصویر:بھارتی میڈیا

بھارتی شہر احمد آباد میں کرائم برانچ نے 2 کلوگرام ایمبرگرس (whale vomit) رکھنے والے 43 سالہ شخص کو گرفتار کر لیا۔ 

پولیس کے مطابق ملزم راجو عرف راجیش ایئرپورٹ روڈ کے قریب میدان میں یہ غیرقانونی مادہ فروخت کرنے کی کوشش کر رہا تھا، خفیہ اطلاع پر کرائم برانچ نے چھاپہ مار کر اسے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔

ایمبرگرس ایک نایاب اور ممنوعہ سمندری مادہ ہے، جس کی بین الاقوامی بلیک مارکیٹ میں شدید مانگ ہے، اس کی مالیت تقریباً 2 کروڑ بھارتی روپے بتائی گئی ہے۔

ایمبرگرس کو عام طور پر وہیل کی قے کہا جاتا ہے، یہ مومی مادہ وہیل کی آنتوں سے خارج ہوتا ہے۔

اسے پرفیوم انڈسٹری میں خوشبو کو دیرپا بنانے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

بھارت میں وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ کے تحت ایمبرگرس کی خرید و فروخت غیرقانونی ہے۔

تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ اس ایمبرگرس کا سپلائر گنیش ممبئی کے گرانٹ روڈ کا رہائشی ہے، جس کے بعد سے پولیس نے اس کی تلاش شروع کر دی۔

ضبط شدہ ایمبرگرس کو فارنزک جانچ کے لیے بھیج دیا گیا ہے اور ملزم کے خلاف وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید