پیرس (رضا چوہدری /نمائندہ جنگ ) بھارتی سرکار ی سرپرستی میں ہزاروں انسانوں کو اسمگلنگ ثابت ہوگئی ،اسمگلنگ امریکا، کینڈا اور یورپی ممالک میں کی گئی ، فرانس کی قیادت میں تحقیقات نے پول کھول دیا۔
تفصیلات کے مطابق امریکا، کنیڈا اور یورپی ممالک میں انسانی ا سمگلنگ میں ملوث نیٹ ورک کی سرپرستی اور انڈین ایجنسیوں کی مکمل حمایت ثابت ہو گئی ہے، دسمبر 2023میں سیکڑوں ہندوستانی مسافروں کو لے جانے والا ایک طیارہ پیرس کے مشرق میں وٹری ہوائی اڈے پر کئی دنوں کیلئے گراؤنڈ کر دیا گیا تھا کیونکہ یہ انسانی اسمگلنگ ا سکیم کا حصہ تھا۔
طیارے نے متحدہ عرب امارات سے اڑان بھری تھی اور اسے گمنام اطلاع کے بعد حراست میں لے لیا گیا ۔
اس کے بعد شروع ہونے والی فرانس کی زیرقیادت ایک تحقیقات، جسے یوروپول کی حمایت حاصل رہی ، کے نتیجے میں ایک بڑے مجرمانہ نیٹ ورک کو ختم کر دیا گیا ہے جس میں کئی چھوٹے جرائم پیشہ گروہ شامل ہیں جو تارکین وطن کی اسمگلنگ اور منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں۔
فرانسیسی قومی پولیس (پولیس آکس فرنٹیئرز/OLTIM Roissy Charles de Gaulle) کی وسیع پیمانے پر تارکین وطن کی اسمگلنگ اور مالی تحقیقات کو قومی سطح پر فرانسیسی بین وزارتی تحقیقاتی یونٹ (GIR Bobigny) اور لکسمبرگ، پرتگال، برطانیہ سمیت متعدد ریاستوں کی حمایت حاصل تھی۔
دیگر یورپی یونین اور غیر یورپی یونین کے ممالک تفتیش میں متعدد ایسے جرائم پیشہ گروہوں پر توجہ مرکوز کی گئی جو برصغیر پاک و ہند (بھارت، سری لنکا اور نیپال) سے تارکین وطن کو یورپ، برطانیہ اور شمالی امریکا ا سمگل کر رہے تھے۔