معروف بالی ووڈ اداکارہ وانی کپور پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ اور مقبول پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کے دفاع میں بول پڑیں۔
اداکار دلجیت دوسانجھ کی فلم سردار جی 3 کو بھارت میں ریلیز سے قبل ہی باضابطہ طور پر بین کر دیا گیا تھا، پابندی کی وجہ فلم میں دلجیت کے ساتھ پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کی موجودگی بتائی گئی، بعدازاں فلم بھارت کے بجائے بیرون ملک سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں پاکستانی سُپر اسٹار فواد خان کے ساتھ فلم ’عبیر گلال‘ میں کام کرنے والی اداکارہ وانی کپور نے انٹرویو میں اس معاملے پر بات کی اور دلجیت دوسانجھ اور ہانیہ عامر کے حق میں بیان دیا۔
وانی کپور نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ یہ فلم اس وقت شوٹ کی گئی تھی جب حالات مختلف تھے، ممکن ہے کہ بطور پروڈیوسر دلجیت کی سرمایہ کاری اس وقت سے پھنسی ہو، اس فلم پر تقریباً 100 کے قریب ٹیکنیشنز نے کام کیا ہوگا۔ فلم کی شوٹنگ پہلگام واقعے سے قبل کی گئی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ انہوں نے ملک کی توہین کی نیت سے یہ فلم کی ہے، وہ ایک عالمی سطح کے اسٹار ہیں، انہیں دنیا بھر میں سراہا جاتا ہے، انہوں نے جو فیصلہ کیا، وہ حالات کے مطابق تھا لیکن میرے خیال میں انہوں نے کوئی قانون تو نہیں توڑا۔