پاکستان کی سینئر اداکارہ نازلی نصر کا کہنا ہے کہ ہمارے معاشرے میں سمجھا جاتا ہے کہ شوبز کی ہر دوسری عورت طلاق یافتہ ہے جبکہ طلاق آج ہر دوسرے گھر کا مسئلہ بن چکا ہے۔
حال ہی میں سینئر اداکارہ نے فیشن میگزین کو انٹرویو دیتے ہوئے مختلف امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اپنے زندگی کے تجربات مداحوں کے ساتھ شیئر کیے۔
پہلی شادی کی ناکامی کے بعد دوسری شادی سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے نازلی نصر نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں سمجھا جاتا ہے کہ شوبز کی ہر دوسری عورت طلاق یافتہ ہے لیکن ایسا نہیں ہے چونکہ ہماری زندگی کیمرے کے سامنے ہے اس لیے یہ زیادہ واضح ہوتی ہے جبکہ آج کل طلاق ہر دوسرے گھر کا مسئلہ بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شوبز سے جڑی شخصیات اپنے ناخوشگوار واقعات اسی لیے مداحوں کے ساتھ شیئر کرتی ہیں تاکہ ہمارے تجربے سے ان کی مدد ہوجائے، انہیں کچھ سیکھنے کو مل جائے۔ ہمارا کسی کو باغی کرنے کا مقصد نہیں، کوئی بھی لڑکی اپنا گھر، اپنی یا اپنے بچوں کی زندگی خراب کرنا نہیں چاہے گی۔
اداکارہ نے دوسری شادی کے فیصلے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ دوسری شادی کا فیصلہ آسان نہیں تھا، لیکن کبھی دوسری شادی سے خوف زدہ نہیں تھی، میں نے اس کے لیے وقت لیا۔
انہوں نے کہا کہ میں نہیں چاہتی تھی کہ میرا مکمل انحصار اپنے بچوں پر ہو، نہ ہی میں انہیں کسی دباؤ میں رکھنا چاہتی تھی کہ میں نے اپنی پوری زندگی ان کے لیے وقف کر دی تو اب وہ بھی مجھے اپنا پورا وقت دیں۔ میں نے بیٹے کو 18 سال اور بیٹی کو 15 سال کی عمر میں امریکا بھیجا تاکہ وہ وہاں اپنی زندگی بنائیں۔
نازلی نصر نے یہ بھی انکشاف کیا کہ میں بچوں پر بوجھ نہیں بننا چاہتی تھی اسی لیے میں نے دوسری شادی کا فیصلہ کیا۔ میں نے اپنے موجودہ شوہر محسن مرزا سے شادی کا فیصلہ سوچ سمجھ کر اور بچوں کی رضا مندی سے لیا۔
واضح رہے کہ نازلی نصر نے پہلی شادی اداکار حسن سومرو سے کی تھی جن سے ان کے دو بچے ہیں۔ تاہم ان کی شادی طلاق پر ختم ہوگئی جس کے بعد انہوں نے دوسری شادی ہدایت کار محسن مرزا سے کی۔