بھارت میں 80 سالہ بزرگ کو خواتین کی آئی ڈیز استعمال کرکے لوٹ لیا گیا، بزرگ شہری 9 کروڑ روپے گنوا بیٹھا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق تقریباً 2 سال کے دوران 734 آن لائن لین دین میں اس شخص کو چار خواتین نے محبت اور ہمدردی کے بہانے تقریباً 9 کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا۔
جولائی 2025 میں بزرگ شہری کے بیٹے کی جانب سے سائبر کرائم کی شکایت درج کروائی گئی ہے۔ جس پر پولیس نے تحقیقات شروع کرتے ہوئے اس شبہ کا اظہار کیا کہ چاروں خواتین درحقیقت ایک ہی شخص ہو سکتا ہے، جو اس دھوکہ دہی کا ماسٹر مائنڈ ہے۔
تفصیلات کے مطابق بزرگ شہری نے اپریل 2023 میں ایک خاتون شاروی کو اپنی آئی ڈی سے فیس بک ریکویسٹ بھیجی، جسے کچھ عرصے بعد اس نے قبول کرلیا پھر دونوں میں بات چیت شروع ہوگئی اور فون نمبرز کا بھی تبادلہ ہوگیا۔
خاتون نے بزرگ کو اپنی دکھ بھری کہانیاں سنا کر ان سے پیسے بٹورنا شروع کردیے، جس میں ان کا کہنا تھا کہ اس کی اپنے شوہر سے علیحدگی ہوگئی ہے اور وہ بچوں کے ساتھ اکیلی رہتی ہے، بیمار ہے میری مدد کریں، جس پر بزرگ شہری نے خاتون کو پیسے بھیج دیے بعد میں بھی خاتون متعدد بار ان سے پیسے مانگتی رہی۔
اس کے بعد بزرگ سے ایک اور خاتون کویتا نے رابطہ کیا اور خود کو شاروی کی جاننے والی بتاکر ان سے دوستی کی خواہش ظاہر کی اور مختلف پیغامات بھیجنے کے بعد پیسے مانگنا شروع کردیے۔
دسمبر 2023 میں ’دیناز‘ نامی خاتون نے بزرگ سے رابطہ کرکے انہیں بتایا کہ شاروی کا انتقال ہوگیا ہے اور اسپتال کا بل ادا کرنے کو کہا دیناز نے شاروی اور بزرگ کی چیٹس کے اسکرین شاٹس بھی بھیجے اور پیسے کا مطالبہ کیا۔
جب بزرگ نے رقم واپس مانگی تو دیناز نے خودکشی کی دھمکی دی، صرف یہی نہیں بلکہ کچھ عرصہ بعد جیسمین نامی ایک اور خاتون نے بھی ان سے مدد کی درخواست کی اور بزرگ نے انہیں بھی پیسے بھیجے۔
اپریل 2023 سے جنوری 2025 تک بزرگ نے 734 ادائیگیوں کے ذریعے 8.7 کروڑ روپے منتقل کیے۔ تمام بچت ختم ہونے پر انہوں نے اپنی بہو سے 2 لاکھ روپے قرض لیے اور پھر اپنے بیٹے سے 5 لاکھ روپے مانگے، بیٹے کو شک ہوا اور جب اس نے والد سے پوچھا تو دھوکہ کا انکشاف ہوا۔
اپنے ساتھ ہونے والے فراڈ کا معلوم ہونے کے بعد بزرگ کو اٹیک پڑ گیا اور انہیں اسپتال میں داخل کروایا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔