آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اور سندھ حکومت کے اشتراک سے معرکۂ حق 78ویں جشنِ آزادی کے موقع پر گرینڈ میوزیکل کنسرٹ کا رانی باغ حیدرآباد میں انعقاد کیا گیا۔
کنسرٹ میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، وزیرِ ثقافت سندھ سید ذوالفقار علی شاہ، میئر حیدرآباد کاشف علی شورو، صوبائی وزیرِ آبپاشی جام خان شورو سمیت سیاسی، سماجی اور ثقافتی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
کنسرٹ میں پاکستان کے معروف گلوکار راحت فتح علی خان، کیفی خلیل، اختر چنال، صنم ماروی ،تاج مستانی، ینگ اسٹنر اور بہادر ابڑو نے اپنی زبردست پرفارمنس سے چار چاند لگا دیے۔
فنکاروں نے ملی جوش و جذبے سے بھر پور قومی ترانے گا کر شرکاء کا لہو گرمایا، کنسرٹ میں لاکھوں لوگوں نے شرکت کی، اس موقع پر رانی باغ کی فضائیں پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھیں۔
کنسرٹ سے صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان کا 78واں یومِ آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منا رہے ہیں، حیدرآباد کا کنسرٹ نوجوانوں کے لیے تھا، یہاں کے نوجوان بہت مہذب ہیں، کنسرٹ میں دنیا کے نامور موسیقار اور گلوکاروں نے پرفارم کیا، یہ حیدرآباد کی تاریخ کا سب سے بڑا کنسرٹ تھا، میں کمشنر، ڈی آئی جی، ایس ایس پی سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے اس تقریب کو منعقد کرانے میں ہمارے ساتھ تعاون کیا۔
صوبائی وزیرِ ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ آرٹس کونسل کے صدر احمد شاہ کو شاندار پروگرام کے انعقاد پر خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، سندھ حکومت جشنِ آزادی کی خوشیاں دوبالا کرنے کے لے کوشاں ہے، جشنِ آزادی مبارک ہو، ہماری افواج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، آئندہ بھی اس طرح کے پروگرامز عوام کے لیے ہم منعقد کرتے رہیں گے، سندھ حکومت اس بار جشنِ آزادی کی خوشیاں عوام کے ساتھ منا رہی ہے۔
معروف گلوکار اختر چنال نے کہا کہ معرکۂ حق کی جیت آپ کو مبارک ہو، حیدرآباد والوں کا ملی جوش و جذبہ دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے۔
گلوکارہ صنم ماروی نے کہا کہ میں آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے پرفارم کرنے کا موقع دیا، آج اتنی بڑی تعداد میں عوام یہاں موجود ہیں جس کی کامیابی کا سہرا سندھ حکومت اور آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کو جاتا ہے۔
کنسرٹ کے آخر میں آتش بازی کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا۔