• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رونالڈو کی گرل فرینڈ جارجینا نے شادی کا اشارہ دیدیا

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

سعودی عرب کے فٹ بال کلب النصر سے وابستہ پرتگالی اسٹار فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کی گرل فرینڈ و ہسپانوی ماڈل جارجینا روڈریگیز نے ایک بار پھر انگوٹھی کی تصویر شیئر کرکے شادی کی خبروں کو ہوا دے دی۔

فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ہسپانوی ماڈل جارجینا روڈریگیز نے انگوٹھی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنے فالوورز کو خوش خبری سنا دی۔

انہوں نے 30 قیراط کی ہیرے کی انگوٹھی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے رونالڈو سے شادی کا اشارہ دیا ہے، اس انگوٹھی کی قیمت 10 سے 50 لاکھ ڈالرز تک بتائی جارہی ہے۔


31 سالہ ہسپانوی ماڈل نے انگوٹھی دیکھاتے ہوئے تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی اور کیپشن لکھا، ’میں ہاں کہتی ہوں، اس جنم میں اور اس کے بعد آنے والے تمام جنموں میں‘، جس کے بعد قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ رونالڈو نے بلآخر جارجینا سے شادی کا ارادہ کرلیا ہے۔

تاہم اس بار بھی 40 سالہ کھلاڑی رونالڈو نے اس حوالے سے خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب جارجینا روڈریگیز کی جانب سے انگوٹھی کی تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ہے۔

اس سے قبل بھی انہوں نے متعدد بار انگوٹھی کی تصاویر کے ساتھ مبہم کیپشن شیئر کیے ہیں جس کے سبب ان دونوں کی منگنی کی خبریں گردش کرنے لگی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کرسٹیانو رونالڈو نے 2020 میں جارجینا روڈریگز کو معروف برانڈ کارٹیئر کی انگوٹھی دی تھی، جس کی قیمت تقریباً 6 سو 15 ہزار پاؤنڈز ہے۔

خیال رہے کہ کرسٹیانو رونالڈو اور ان کی گرل فرینڈ جارجینا 2016ء سے ایک ساتھ ہیں اور ان دونوں کی 2 بیٹیاں جن میں 7 سالہ عالیانہ اور 2 سالہ بیلا بھی ہیں جبکہ رونالڈو کے مجموعی طور پر 5 بچے ہیں۔

کرسٹیانو رونالڈو کے ہاں 2010ء میں جس بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی، اس کا نام انہوں نے ’کرسٹیانو رونالڈو جونیئر‘ رکھا ہے۔ فٹ بالر نے اپنے پہلے بیٹے کی والدہ سے متعلق تاحال کبھی بھی واضح اعلان نہیں کیا، تاہم وہ اس حوالے سے متعدد بار بات کر چکے ہیں کہ ان کے بیٹے کو والدہ سے متعلق تمام تفصیلات کا علم ہے۔

بعدازاں ان کے یہاں جون 2017ء میں سروگیسی کے ذریعے جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی تھی۔ فٹ بالر نے اس وقت تصدیق کی تھی کہ ان کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی ہے، تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید کوئی وضاحت نہیں کی تھی لیکن اعتراف کیا تھا کہ ان کے ہاں بیٹا اور بیٹی سروگیسی کے ذریعے ہوئے۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید