• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جیا بچن نے سیلفی لینے والے شخص کو دھکا دے دیا

—تصاویر بشکریہ بھارتی میڈیا
—تصاویر بشکریہ بھارتی میڈیا

بھارتی سماج وادی پارٹی کی رکنِ پارلیمان، اداکارہ اور بالی ووڈ اسٹار امیتابھ بچن کی اہلیہ جیا بچن ایک شخص کی ان کی ساتھ سیلفی لینے کی کوشش پر برہم ہو گئیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ایک ویڈیو میں قید ہو گیا ہے جو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔

جیا بچن دہلی کے کانسٹیٹیوشن کلب کے گیٹ پر کسی سے بات کر رہی تھیں کہ اچانک ایک شخص آیا اور سیلفی لینے کےلیے ان کے بہت قریب کھڑا ہو گیا۔

جیا بچن نے اسے دھکا دے کر کہا کہ یہ کیا ہے؟ جس پر اس شخص نے فوراً معذرت کی۔

ویڈیو میں ارکانِ پارلیمان میسا بھارتی اور پرینکا چترویدی بھی نظر آ رہی تھیں، میسا بھارتی کو بھی کلب میں داخل ہونے سے پہلے اس شخص سے کچھ کہتے ہوئے دیکھا گیا۔

سینئر اداکارہ اور سیاستدان جیا بچن کبھی بھی لوگوں کے ساتھ تصویر بنوانے کی بہت شوقین نہیں رہی ہیں، کئی مواقع پر انہیں اپنی ذاتی حدود میں مداخلت کرنے والوں کو ڈانٹتے اور سخت لہجے میں جواب دیتے دیکھا گیا ہے۔

اپریل میں منوج کمار کے لیے منعقد دعائیہ تقریب میں ایک بزرگ مداح نے ان سے تصویر کی درخواست کی تو وہ برہم ہو گئی تھیں۔

اُس وقت وہ لوگوں سے بات کر رہی تھیں جب ایک خاتون نے ان کے کندھے پر ہاتھ رکھا، جیا بچن کے مڑنے پر ایک شخص نے دونوں کی تصویر لینے کی کوشش کی، خاتون نے مصافحہ کرنے کی کوشش کی لیکن جیا بچن نے ان کا ہاتھ جھٹک دیا اور تصویر لینے والے شخص کو سرزنش کی۔

اپنی نواسی اور کاروباری شخصیت نویا نویلی نندا کے ساتھ 2022ء میں ’واٹ دی ہیل نویا؟‘ پوڈکاسٹ میں جیا بچن نے اپنے اس رویے کی وجہ بتائے ہوئے کہا تھا کہ میں ان لوگوں سے سخت نفرت کرتی ہوں جو آپ کی ذاتی زندگی میں مداخلت کرتے ہیں اور ان چیزوں کو بیچ کر اپنا پیٹ بھرتے ہیں، مجھے ایسے لوگوں سے گھن آتی ہے، میں ہمیشہ ان سے کہتی ہوں کہ آپ کو شرم نہیں آتی؟

77 سالہ ایم پی جیا بچن کو اپنے سخت جوابات کی وجہ سے ٹرولنگ کا نشانہ بھی بنایا گیا ہے، تاہم اپنی نواسی کی پوڈکاسٹ میں انہوں نے کہا کہ اس قسم کی تنقید مجھ پر اثر نہیں کرتی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید