ٹیکساس کی ایک خاتون کی پالتو مرغی کو گنیز ورلڈ ریکارڈز نے باضابطہ طور پر 14 سال اور 69 دن کی عمر میں دنیا کی معمر ترین مرغی قرار دے دیا۔
لٹل ایلم کی رہائشی سونیا ہل نے بتایا کہ انہوں نے پرل نامی اس مرغی کو 13 مارچ 2011ء کو اپنے ذاتی انکیوبیٹر میں انڈے سے نکالا تھا۔
گنیز ورلڈ ریکارڈز نے 22 مئی کو پرل کی عمر کی تصدیق کی جس کے بعد اسے باضابطہ طور پر دنیا کی معمر ترین زندہ مرغی ہونے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔
ہل نے گنیز ورلڈ ریکارڈز کو بتایاکہ اس مرغی نے تمام مشکلات کو مات دے دی ہے کیونکہ زیادہ تر ایسٹر ایگر نسل کی مرغیاں اوسطاً 5 سے 8 سال تک زندہ رہتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اب پرل کی نقل و حرکت محدود ہے، اس لیے وہ اپنا زیادہ تر وقت خاندان کے لانڈری روم میں گزارتی ہے، اسے لیونگ روم میں آنے کی اجازت ہے کیونکہ جب وہ ٹی وی چلنے کی آواز سنتی ہے تو اسے دیکھنا پسند کرتی ہے، پرل خاندان کی معمر بلی اور بلی کے نئے بچے کو بھی پسند کرتی ہے۔
ہل نے بتایا کہ ایسا لگتا ہے کہ اسے دوسرے جانوروں سے کوئی مسئلہ نہیں ہے اور بلی کا بچہ کبھی کبھی اس کے ساتھ بیٹھ جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پرل کے انڈے دینے کی رفتار کم ہو گئی ہے، مگر اس نے ایک انڈا اسی وقت دیا جب خاندان کو معلوم ہوا کہ وہ باضابطہ گنیز ورلڈ ریکارڈ ہولڈر بن گئی ہے۔
اس سے قبل دنیا کی سب سے معمر زندہ مرغی کا ریکارڈ ایلی نوائے کی پینٹ نامی پالتو مرغی کے پاس تھا جو 25 دسمبر 2023ء کو 21 سال اور 238 دن کی عمر میں مر گئی تھی۔