ملک بھر میں آج بھارت کے خلاف تاریخی فتح اور آزادی کا جشن منایا جارہا ہے، ملک کا ہر شہر ہر گلی، محلہ سبز ہلالی پرچم کے رنگوں میں رنگ گیا۔
12 بجتے ہی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔
جناح اسپورٹس کمپلیکس میں یومِ آزادی اورمعرکہ حق کی فتح کی مرکزی تقریب ہوئی، جس میں صدر مملکت، وزیرِاعظم ، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، وفاقی کابینہ ارکان،قومی اسمبلی اور سینیٹ ارکان سمیت دوست ممالک کے سفراء، اور بڑی تعداد میں شہری بھی شریک تھے۔
تقریب میں تینوں مسلح افواج پر مشتمل میوزک بینڈ کا شاندار مارچ پاسٹ کیا جبکہ پاک آرمی، پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستوں سمیت پنجاب رینجرز، ایف سی خیبرپختونخوا کے دستوں نے بھی مارچ پاسٹ کیا۔
یومِ آزادی اور معرکہ حق کی فتح کی تقریب میں اسپیشل سروسز گروپ کے کمانڈوز نے بھی مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔
تقریب میں ترکیہ اور آذربائیجان کی مسلح افواج کے دستوں نے بھی مارچ پاسٹ کیا۔
بھارت کے خلاف تاریخی فتح اور آزادی کا جشن پوری قوم اس وقت دہری خوشی منا رہی ہے، ملک کا ہر شہر، ہر گلی، محلہ سبز ہلالی پرچم کے رنگوں میں رنگ گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کی خاطر سب کو مل کر کام کرنے کی پیش کش کردی۔
یومِ آزادی اور معرکہ حق فتح کی تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ آج کے اس عظیم دن پر وہ تمام جماعتوں کو میثاقِ پاکستان کا حصہ بننے کی دعوت دیتے ہیں۔
شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں سب کو احتجاج کا حق ہے، جلاؤ گھیراؤ کا نہیں، سیاست کا حق ہے بغاوت کا نہیں، تنقید کا حق ہے توہین کا نہیں، ہمارے پاس عظیم ماضی ہے، اب روشن مستقبل کی طرف بڑھنا ہے۔
وزیراعظم نے معرکہ حق ماڈل کی نقاب کشائی بھی کی۔
قومی اسمبلی میں یوم آزادی اور معرکہ حق پر متفقہ قرارداد منظور کی گئی، لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا، اپنی سالمیت اور خودمختاری کی ہر قیمت پر حفاظت کا عزم دہرایا۔