• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

باجوڑ میں کلاؤڈبرسٹ اور لینڈسلائیڈنگ، 21 افراد جاں بحق، متعدد لاپتہ افراد کی تلاش جاری

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں آنے والے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے سبب 21 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ متعدد لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق باجوڑ کے علاقے جبراڑئی اور سلارزئی میں سیلابی ریلے کے بہاؤ میں خطرناک اضافے اور لینڈ سلائیڈنگ کے سبب 21 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔

ریسکیو کے حکام کے مطابق مقامی افراد کے تعاون سے اب تک 21 جاں بحق افراد اور 8 زخمیوں کو ملبے اور پانی سے نکالا گیا ہے، زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

ریسکیو کے حکام کے مطابق میڈیکل، غوطہ خور اور دیگر ٹیمیں باجوڑ میں واقعے کی جگہ پہنچ گئی ہیں۔

جبراڑئی باجوڑ کے مقامی لوگوں کے مطابق تقریباً 18 افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئے ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔

ریسکیو کے حکام کا کہنا ہے کہ جبراڑئی باجوڑ میں لاپتہ ہونے والے افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو ٹیمیں مسلسل کام کر رہی ہیں۔

ریسکیو کے حکام کے مطابق باجوڑ کے جبراڑئی کے علاقے میں ریلے سے متعدد گھر تباہ ہو گئے ہیں جبکہ امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔

چند مقامات پر راستے بند ہو نے کے باعث مقامی قبائل اپنی مدد آپ کے تحت متاثرین کو ریسکیو کر رہے ہيں۔

مقامی قبائل کے مطابق علاقے میں سیلابی ریلے کی سطح خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے اور ریسکیو ٹیموں کے لیے راستہ مکمل طور پر بند ہے۔ 

ایم پی اے انور زیب خان کے مطابق متاثر مقامات اور سیلاب سے متاثرین تک مشینری پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔

ڈپٹی کمشنر اور ضلعی حکام کی باجوڑ آمد

وزیراعلیٰ کے پی کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر اور ضلعی حکام باجوڑ پہنچ گئے ہیں۔

وزیرِ اعلی خیبر پختون خوا کی ہدایت پر صوبائی حکومت کا ہیلی کاپٹر بھی روانہ کر دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ ریسکیو اور ریلیف کارروائیوں کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائےجائیں، کمشنر مالاکنڈ اور ڈپٹی کمشنرامدادی کارروائیوں کی نگرانی کریں۔

علی امین گنڈاپور کا تمام ضلعی انتظامیہ بالخصوص دیر اور سوات انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہنا ہے کہ لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کے لیے پیشگی حفاظتی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔

قومی خبریں سے مزید