پاکستان شوبز انڈسٹری میں بطور چائلیڈ آرٹس قدم رکھنے والی سینئر اداکارہ پروین اکبر نے ساتھی اداکارہ صنم سعید کی شخصیت سے متعلق تبصرہ کیا تو صنم سعید نے بھی مبہم اسٹوری شیئر کردی جو صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئی۔
حال ہی میں سینئر اداکارہ نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف موضوعات پر اپنے خیالات کا اظہار بھی کیا۔
دورانِ پروگرام ایک سیگمنٹ میں شو کی میزبان نے پروین اکبر کو مختلف فنکاروں کی تصاویر دکھائی اور ان سے متعلق سینئر اداکارہ کے خیالات معلوم کیے۔
اسی دوران صنم سعید کی تصویر بھی دکھائی گئی جس پر پروین اکبر نے کہا کہ مجھے پتہ نہیں کیوں صنم سعید لڑکی کم لڑکا لگتی ہے، لیکن اداکارہ بہت اچھی ہے۔
انہوں نے اپنے جواب کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ مجھے صنم سعید ٹام بوائے لگتی ہے لیکن اس کا کام منجھا ہوا ہے، میں تسلیم کرتی ہوں کہ صنم سعید بہت اچھی آرٹسٹ ہیں۔
مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر سینئر اداکارہ کے انٹرویو کا مختصر ویڈیو کلپ وائرل ہوا تو اس نے صنم سعید کی توجہ بھی حاصل کی۔
بعدازاں انسٹاگرام پر اداکارہ نے کسی کا نام لیے بغیر اسٹوری شیئر کی، جس میں لفظ انٹرپرینیور (Entrepreneur) کے بجائے ’ آنٹی پرینیور (Auntypreneur)‘ کے معنی درج ہیں۔
صنم سعید کی انسٹااسٹوری کے مطابق آنٹی پرینیور کا مطلب ہے کہ ایسی شخصیت جس کا کام آپ کے کام میں ہر وقت مداخلت کرنا ہے۔
گوکہ کہ صنم سعید نے اپنی انسٹااسٹوری میں کسی کا نام نہیں لیا لیکن جوں ہی ان کی اسٹوری سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئی۔
سوشل میڈیا پیچز نے اسے پروین اکبر کے بیان سے منسلک کیا اور کہا کہ صنعم سعید نے مضحکہ خیز ردعمل کا اظہار کیا ہے۔