• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین میں دنیا کے پہلے ہیومینائیڈ روبوٹ گیمز کا آغاز

تصاویر:بین الاقوامی میڈیا
تصاویر:بین الاقوامی میڈیا

چین کے شہر بیجنگ میں دنیا کے پہلے ہیومینائیڈ روبوٹ گیمز کا باقاعدہ آغاز ہوگیا، افتتاحی تقریب میں روبوٹس نے ایتھلیٹکس ریسز، فٹبال میچز اور ڈانس پرفارمنسز کے ذریعے شائقین کو محظوظ کیا۔

یہ مقابلے 15 اگست سے 17 اگست تک جاری رہیں گے، جس میں 16 ممالک کی 280 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

ایونٹ میں مجموعی طور پر 26 اقسام کے مقابلے شامل ہیں، جن میں مسابقتی کھیل، پرفارمنس اور دیگر  سرگرمیاں شامل ہیں، تین روزہ مقابلوں میں کل 487 میچز ہوں گے۔

مقابلوں میں روایتی کھیلوں کے ساتھ ساتھ خصوصی چیلنجز بھی رکھے گئے ہیں، جیسے دوائیں ترتیب دینا، مواد سنبھالنا اور صفائی کی خدمات فراہم کرنا۔

اس ایونٹ کا مقصد مصنوعی ذہانت اور روبوٹکس کے شعبے میں ہونے والی ترقی کو دنیا کے سامنے پیش کرنا ہے۔

شرکاء میں امریکا، جرمنی اور برازیل سمیت مختلف ممالک کی ٹیمیں شامل ہیں، جبکہ چین کی معروف روبوٹکس کمپنیاں یونی ٹری اور فورئیر بھی حصہ لے رہی ہیں۔ 

280 ٹیموں میں سے 192 یونیورسٹیوں کی اور 88 نجی اداروں کی نمائندگی کر رہی ہیں۔

واضح رہے کہ بیجنگ نے رواں سال دنیا کا پہلا ہیومینائیڈ روبوٹ میراتھن بھی منعقد کیا تھا۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید
دلچسپ و عجیب سے مزید