منفی کرداروں سے شہرت حاصل کرنے والے پاکستان کے معروف اداکار گوہر رشید کی والدہ اور اداکارہ کبریٰ خان کی ساس فرزانہ منیر نے اداکاری کے میدان میں قدم رکھ لیا۔
فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر گوہر رشید نے زائد العمری میں والدہ کے ایکٹنگ ڈیبیو پر جذباتی پوسٹ شیئر کی ہے۔
انہوں نے والدہ کے ہمراہ ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے طویل پوسٹ میں لکھا کہ زندگی کا اپنا طریقہ ہے مختلف لمحوں کو سحر انگیز بنانے کا۔ 7 جولائی یہ ڈرامہ سیریل بریانی کے سیٹ پر ماں (فرزانہ منیر) کا پہلا دن تھا۔
اداکار نے لکھا کہ میں اور میری اہلیہ خاص طور پر اس دن ماں کو ڈرامے کے سیٹ پر چھوڑنے کے لیے صبح سویرے اُٹھے۔ ماں بہت گھبرائی ہوئی تھی، بالکل اسی طرح جیسے میں اسکول کے پہلے دن تھا۔
گوہر رشید نے اپنی والدہ کے ساتھ ماضی کی یادیں شیئر کی اور ساتھ ہی ڈرامہ سیریل ’بریانی‘ کی کاسٹ بالخصوص ڈرامے کے ہدایت کار کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی والدہ کو ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران ان کا خیال رکھا۔