پہلے بلائنڈ ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کی ممکنہ تاریخ سامنے آگئی۔
ذرائع کے مطابق ویمنز بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ میں میچز سنگل لیگ کی بنیاد پر کھیلے جائیں گے جس کا ممکنہ آغاز رواں برس 10 نومبر سے ہوگا۔
اس ایونٹ کا فائنل 25 نومبر کو کھٹمنڈو یا بنگلورو میں کھیلنے کی تجویز ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ویمنز ورلڈ کپ کے میچز بھارت میں دہلی اور بنگلورو میں کھیلے جائیں گے جبکہ پاکستان ویمنز بلائنڈ کرکٹ ٹیم اپنے تمام میچز نیپال میں کھیلے گی۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ویمنز ورلڈ کپ کا ایک سیمی فائنل بنگلورو جبکہ ایک کھٹمنڈو میں کرانے کی تجویز ہے۔ پاکستان ٹیم کے فائنل میں رسائی کی صورت میں فائنل کھٹمنڈو میں ہوگا جبکہ پاکستان ٹیم کے فائنل میں نہ ہونے کی صورت میں فائنل بنگلورو میں کرانے کی تجویز دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ویمنز بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ میں 6 ٹیموں کی شرکت متوقع ہے۔
میچز کا حتمی شیڈول انڈین بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن نے جاری کرنا ہے۔